یوپی میںقانون ساز ونسل کے ا لیکشن کیلئے متھرا ایٹا مین پوری لوکل اتھاریٹی کے تحت کاغذات نامزدگی کی جانچ کے عمل کے دوران منگل کو کلکٹریٹ میں ہنگامہ ہوا۔ جانچ کے سلسلے میں پہنچے ایس پی امیدوار اُدے ویر سنگھ اور راکیش یادو کو گھیر کر مارا پیٹا گیا جبکہ ایک امیدوار کو بھاگتے ہوئے پکڑا گیا، ہاتھا پائی کی گئی اور کپڑے تک پھاڑ دیے گئے۔ اس سے قبل ان کی گاڑیوں پر بھی پتھراؤ کیا گیا تھا۔ایس پی امیدواروں نے پیر کو ایک ایک سیٹ میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ حلف نامے میں کچھ کمی تھی۔ بعد میں جب وہ دوسرا سیٹ لے کر پہنچے تو ا سے چھین لیا گیا۔ بعد میں بی جے پی اور ایس پی کے حامیوں میں جھڑپ ہوئی۔ منگل کو کاغذات نامزدگی کی جانچ سے قبل انہیں ضمنی حلف نامہ جمع کرانے کا موقع دیا گیا۔ صبح تقریباً۱۰؍ بج کر۴۵؍ منٹ پرکچہری روڈ پر کلکٹریٹ آنے والے ایس پی امیدواروں اور ان کے حامیوں کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا گیا۔ اس میں کار کی کھڑکی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ایس پی امیدواروں کے مطابق انہیں کلکٹریٹ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ اسی دوران بی جے پی کارکنوں نے اس کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔ بھاگنے والے امیدوار کو پکڑ کر مارا پیٹا گیا۔ اس کی قمیص پھٹ گئی۔ ایس ایس پی ادے شنکر سنگھ کا کہنا ہے کہ کلکٹریٹ کے ۲۰۰؍ میٹر کے دائرے میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ باہر لڑائی ہوئی اور وہاں سے ایس پی کے دونوں امیدواروں کو بچا کر کلکٹریٹ لایا گیا ۔ اس معاملے کی رپورٹ درج کرائی جائے گی اور گہرائی سے تفتیش کی جائے گی۔
ایس پی امیدوار کا الزام
ایس پی امیدوار اُدے ویر سنگھ نے کہا کہ ہم دونوں مقررہ وقت سے پہلے پہنچ گئے، لیکن ریٹرننگ افسر نہیں آئے۔ ہمارے حلف نامے پر غلط و قت ڈالا گیا۔ بی جے پی کے کہنے پر انتظامیہ یہاں الیکشن نہیں ہونے دینا چاہتا۔
بی جے پی ضلع صدر نے الزام کوبے بنیاد بتایا۔بی جے پی ضلع صدر سندیپ جین نے کہا کہ ایس پی امیدواروں نے بی جے پی کارکنوں کے ساتھ بدتمیزی کی جس پر بی جے پی کارکن نے انہیں روک دیا، لڑائی نہیں ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے انتخابی عمل کو پُرامن طریقے سے انجام دیا۔
دستاویزات منسوخ ہونے پر ایس پی کا سازش کا الزام
سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے منگل کو متھرا ایٹا مین پوری سیٹ سے امیدواروں کے پرچہ نامزدگی منسوخ ہونے پر الزام لگایا کہ منظم سازش کے تحت پارٹی کے امیدواروں کے پرچے خارج کئے گئے ہیں۔قومی سیکریٹری راجندر چودھری اور ریاستی صدر نریش اتم پٹیل کی قیادت میں ایس پی کے ایک وفد نے چیف الیکشن افسر اجئے کمار شکلا سے ملاقات کر کے اس ضمن میں انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے میمورنڈ سونپا۔