رمضان المبارک کی آمد سے قبل سعودی عرب حکومت نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو راحت کا پیغام سناتے ہوئے عمرہ کیلئے گزشتہ ۲؍ سال سے عائد سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی حکومت نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ؐ میں اعتکاف کی اجازت بھی بحال کردی ہے۔ سعودی حکومت کےاس فیصلےکے بعد دنیا بھر سے مسلمان اب ماہ ِ مبارک میں حرمین شریفین پہنچ کر کسی پابندی کے بغیر عبادت کر سکیں گے۔
۲؍ سال سے عائد پابندیوں کے خاتمے کا اعلان حرمین شریفین سےمتعلق خبروں کے نشریہ کیلئے بنائے گئے خصوصی ٹویٹر ہینڈل پر بھی کیاگیاہے۔ سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق عمرہ زائرین اور سعودی عرب آنے والے دیگر افراد کیلئے کورونا کے ٹیکہ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی سعودی عرب پہنچنے پر انہیں نہ پی سی آر ٹیسٹ کروانا ضروری ہوگا نہ قرنطینہ سے گزرنا پڑےگا۔
سعودی حکام کا کہنا ہےکہ کسی بھی ویزے پرسعودی عرب پہنچنے والے ایسے افراد کو بھی ملک میں داخلے کی اجازت ہوگی جنہوں نے ٹیکہ نہیں لگوایا ہے ۔حکام کے مطابق حج میں عازمین کی تعداد کے تعلق سے بھی گفت وشنید جاری ہے ،فیصلے کا اعلان جلدکیا جاسکتاہے۔
اس بیچ سعودی عرب میں کورونا سے متاثرہ افراد کے یومیہ معاملوں میں آنے والی میں نمایاں کمی سے حوصلہ پاکر ۲؍سال بعد خانہ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں اعتکاف کی اجازت بحال کردی گئی ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق رواں برس ماہ رمضان کی مبارک سعادتوں کو عبادات اور اذکار سے سجانے کیلئے سعودی عرب میں مقدس مقامات کی خدمات پر مامور کمیٹی نے اہم فیصلے کئےہیں۔ان فیصلوں کے تحت رمضان المبارک میں عمرہ اور عبادات کی بغیر کسی پابندی کے مکمل اجازت دیدی گئی ہے۔ اللہ کے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے تمام کورونا سفری پابندیاں بھی ختم کردی گئی ہیں۔دنیا بھر سے مسلمان مسجد الحرام اور مسجد نبوی ؐ میں اعتکاف کیلئے پہنچتے ہیں مگر کورونا کی وجہ سے ۲؍سال سے یہ سلسلہ رُک گیاتھاتاہم اب یہ انتظار ختم ہو گیا ہے۔ اس سے قبل سعودی حکومت حرمین شریفین میں سماجی فاصلے سمیت کورونا سے متعلق پابندیاں ختم کرکے خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ میں پوری گنجائش کے ساتھ نماز پڑھنے کی اجازت دے چکی ہے۔