امراؤتی:امراؤتی شہرمیں تریپورہ تشدد کے خلاف جمعہ کو مسلمانوں کے بند کے جواب میں سنیچر کو بی جےپی کے بند کے دوران پھوٹ پڑنے والے فساد کی جانچ کے دوران جرأت مندانہ کارروائی کرتے ہوئے مہاراشٹر پولیس نے بی جےپی کے سینئر لیڈر اور سابق ریاستی وزیر انل بونڈے اور دیگر ۱۳؍ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس بات کا اعتراف کیا ہےکہ سنیچر کو ہونے والا فساد منصوبہ بند سازش معلوم ہوتا ہے جس میں چن چن کر مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچایاگیاہے۔ اس بیچ ممبئی میں اقلیتی امور کے وزیر اوراین سی پی لیڈر نواب ملک نے بھی پریس کانفرنس کرکے اس الزام کو دہرایا کہ امراؤتی میں فساد بی جےپی کی منصوبہ بند سازش کا نتیجہ تھا۔ ریاستی وزارت داخلہ کے مطابق امراؤتی میں حالات اب بہترہیں اور فساد کی جانچ کا حکم دیدیا گیاہے۔
پولیس نے سابق ریاستی وزیر برائے آب پاشی انل بونڈے کو فساد بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ا ن کے علاوہ ۱۳؍ دیگر افراد کو پیر کو گرفتار کیاگیاہے۔ ان میں امراؤتی ضلع بی جےپی کے صدر نویدیتا چودھری،شہر کے میئر چیتن گوانڈے اور بی جےپی کے ریاستی ترجمان شیورائے کلکرنی شامل ہیں۔ان سب کو کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم سنایا۔
شہر میں حالات بہتری کی طرف گامزن
اس بیچ شہر میں حالات بہتر ہوتے نظر آرہے ہیں جبکہ حکم امتناعی کی سختی دیگر علاقوں کی بہ نسبت مسلم علاقوںمیں زیادہ ہیں۔ اب تک انٹرنیٹ خدمات پر پابندی جاری ہے۔۲؍دن میں پولیس نے ناگپوری گیٹ تھانہ ،کھولاپوری گیٹ تھانہ،گاڈگے نگر تھانہ،سٹی کوتوالی میںالگ الگ ایف آئی آر میںمسلم علاقوں سے رضا اکیڈمی ،دینی جماعتوں کے سربراہ،سیاسی لیڈر و سماجی کارکنان سمیت کل ۱۹؍ افرادجبکہ بی جے پی کے ۱۳؍ کارکنان و لیڈرس کو تعزیرات ہند کی دفعات ۱۸۸، ۱۴۳، ۲۶۹، ۵۱(بی) اور ۱۵۳(اے) کے تحت گرفتار کیا جنہیں عدالت نے اتوار کو ضمانت دیدی۔ شہر کے حساس علاقوں میں شامل راج کمل چوک،نمونہ ،جواہر گیٹ و دیگرعلاقوں میں پولیس کا کڑا بندوبست رکھا گیا ہےجبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (نظم و نسق) سنیچر سے شہر میں خیمہ زن ہیں۔
فساد بی جےپی کی منصوبہ بند سازش کا نتیجہ
ادھر ممبئی میں اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے پیر کو پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا ہے سنیچر کو امراؤتی میں جوفساد ہوا وہ بی جے پی کے لیڈروں نے منصوبہ بند طریقے سے کروایا تھا۔ اس سلسلے میں بی جے پی کے لیڈروں کی میٹنگ اور سازش بھی رچی تھی۔جواب ملک نے کہا کہ ’’ تریپورہ فساد اور وسیم رضوی کے خلاف گزشتہ جمعہ کو مسلم تنظیم کی جانب ممبئی اور مہاراشٹر کے چند شہروں میں بند کیا گیا تھا اسی دوران۳؍ شہروں میںخصوصی طور پر ناندیڑ ، مالیگاؤں اور امراؤتی تشدد کی چند وارداتیں ہوئی تھیں۔ اس بند کے بعد سنیچرکو بی جے پی کی جانب سے امراؤتی میں بند کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس بند کی آڑ میں منصوبہ بند طریقے سے فساد پھیلانے کا کام کیا گیا جسے پولیس نے پوری طرح قابو میں کیا۔ سازش تھی کہ پورے مہاراشٹر میں فساد پھیلایا جائے لیکن مہاراشٹر کے عوام نے اس سازش کو سمجھا اور امراؤتی کے باہر اس طرح کا کوئی تشدد نہیں ہوا۔‘‘
فساد کیلئے ممبئی سے پیسے بھجوائے گئے؟
کابینی وزیر نے کہاکہ’’ یہ بھی اطلاع مل رہی ہے کہ ممبئی سے پیسے بھیجوائے گئے اس کی بھی جانچ کی جارہی ہے لیکن بی جے پی کا یہ ہتھکنڈہ ہے کہ جب ان کے سبھی ہتھیار ناکام ہو جاتے ہیں تو فساد پھیلانا شروع کر دیتے ہیں۔‘‘نواب ملک نے کہا کہ ’’ہمیں امید ہے کہ مہاراشٹر کے عوام اس سازش اور بی جے پی کے اس رویہ سے پوری طرح واقف ہے۔اس طرح کی سازش اور گندی سیاست کو مہاراشٹر کے عوام کبھی قبول نہیں کریں گے ۔‘‘