حیدرآباد: (یو این آئی ) بہار میں برسر اقتدار جماعت جے ڈی یو کے سینئر لیڈر سید محمود اشرف کا منگل کے روز حیدرآباد میں انتقال ہو گیا۔ وہ جگر کے عارضہ پر ایک مہینہ سے حیدآباد کے اسپتال ’ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹرو انٹرولوجسٹ‘ میں زیرعلاج تھے۔
گزشتہ لوک سبھا انتخاب میں کشن گنج سے انہیں امیدوار بنایا گیا تھا۔ محمود اشرف کے بڑے بیٹے سید عامر جیلانی نے بتایا کہ حیدرآباد سے جسد خاکی کو پورنیہ لے جایا جائے گا۔
جسد خاکی کل صبح حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ سے بہار کے بارڈوگرا ایر پورٹ پر پہنچے گا۔ چار بجے شام نماز جنازہ پڑھائی جائے گی اورآبائی گاوں بیریاں کے قبرستان میں تدفین ہوگی۔
ان کے انتقال کی اطلاع پر وزیراعلی نتیش کمار نے گہرے دکھ کا اظہارکیا۔ انہوں نے اپنے پیام میں محمود اشرف کی ناگہانی موت پران کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کی بہار یونٹ کے صدر اختر الایمان نے بھی افسوس کا اظہارکیا۔
انہوں نے اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ محمود اشرف سیمانچل کے قد آور رہنما تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی موت سے سیمانچل آج ایک بہترین رہنما سے محروم ہو گیا۔