مہاراشٹرا کی سیاست میں تصویر کچھ صاف ہوتی دکھائی دینے لگی ہے ۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد پہلے اجیت پوار نے نائب وزیر اعلی کے عہدہ سے استعفی دے دیاہے اس کے بعد فڈنویس نے بھی وزیر اعلی کے عہدہ سے استعفی دینے کا اعلان کردیا ہے ۔شام ساڑھے تین بجے کے بعد اعلان کے مطابق دیویندرفڑنویس نے پریس کانفرنس کا انعقاد کرکے کہاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد اجیت پوار نے کہاکہ ہم اب سرکار میں نہیں بنے رہ سکتے ہیں اس لئے استعفی دے رہے ہیں ۔
ان کے استعفی کے بعد بی جے پی نے فیصلہ کیا کہ اب اکثریت ثابت کرنا مشکل ہے اس لئے ہم گورنر کو استعفی دینے جارہے ہیں ۔
اب جو بھی حکومت بنے ہمیں کوئی مطلب نہیں ہے ۔ بی جے پی اپوزیشن کا کردار نبھائے گی ۔انہوں نے شیوسینا پر سخت حملہ بولتے ہوئے کہاکہ شیوسینا کو جو بھی سیٹ آئی ہے وہ بی جے پی کی وجہ سے آئی ہے ۔
عوام نے بی جے پی مینڈینٹ دیاتھا جس کی شیوسینا نے توہین کی ہے۔ شیو سینا خود کو ہندتوا پارٹی کہتی ہے لیکن اب وہ اس نظریہ کے مطابق کام نہیں کررہی ہے ۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مہاراشٹر ا کی سیاست پر فیصلہ سناتے ہوئے آج حکم جاری کیاتھا کہ 27نومبر بدھ کی شام تک فڈ نویس فلور ٹیسٹ کریں ۔قبل ازیں23نومبر کی صبح آٹھ بجے خاموشی کے ساتھ فڈ نویس نے وزیر اعلی عہدہ کا حلف لیاتھا اور ان کے ساتھ این سی پی لیڈر اجیت پوار نے بھی نائب وزیر اعلی عہدہ کا حلف لیکر دعوی کیا تھاکہ این سی پی بی جے پی کے ساتھ حکومت بنارہی ہے جس کے بعد شرد پوار نے کہاکہ این سی پی بی جے پی کے ساتھ نہیں ہے ۔ہم شیوسینا اور کانگریس کے ساتھ ملکر حکومت بنائیں گے ۔