پہلے ’پٹھان‘ اور اب ’جوان ‘ کی شاندار کامیابی کے بعد شاہ رخ خان نے ایک بار پھر یہ ثابت کردیاہے کہ وہ اب بھی فلم انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ ہیں ۔ناظرین کو سنیما گھروں تک کھینچ لانے میں شاہ رخ خان کی کامیابی پربالی ووڈ کی کئی اہم شخصیات نے ان کی تعریف کی ہے۔ ان میں شامل ہوتے ہوئے ماضی کی خوبصورت اداکارہ سائرہ بانو نے انسٹا گرام پر ایک طویل پوسٹ میں شاہ رخ خان کیلئے اپنی مشفقانہ محبت کا اظہار کیا ہے۔
یہ یاد کرتے ہوئے کہ شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کے انتقال کے بعد انہیں پرسہ دینے کیلئے پہنچنے والی پہلی شخصیت شاہ رخ خان کی تھی، سائرہ بانو نے کہا ہے کہ ’’اگر میرا کوئی بیٹا ہوتا تو شاہ رخ جیسا ہی ہوتا۔‘‘ سائرہ بانو نے شاہ رخ سے اپنی پہلی ملاقات کی تفصیل بھی بیان کی ہے۔ سائرہ بانو نے لکھا ہے کہ ’’پہلی بار میں نے شاہ رخ کو ایک تقریب میں دیکھا جہاں کئی فلمی ستارے موجود تھے… میں نے فوراً محسوس کیا کہ وہ شرمیلا اور خاموش طبیعت ہے… وہ میرے شہنشاہ دلیپ صاحب سےاتنی زیادہ مشابہت رکھتاہے کہ … میں نے کہا کہ اگر میرا کوئی بیٹا ہوتا تو بالکل اسی جیسا ہوتا۔‘‘ انہوں نے اپنی اس پوسٹ میں بتایا کہ شاہ رخ خان جب بھی ان سے ملتے ہیں، دعا لینے کیلئے اپنا سر جھکا دیتے ہیں ۔
سائرہ بانو یاد کرتی ہیں کہ ایک بار میں نے ہاتھ نہیں پھیرا تو شاہ رخ نے فوراً ٹوکا کہ ’’آج آپ نے میرے بالوں پر ہاتھ نہیں پھیرا۔‘‘ سائرہ بانو نے دلیپ کمار کے تعلق سے شاہ رخ کے احترام کا بھی حوالہ دیا اور اس واقعہ کو یاد کیا جب شاہ رخ خان فلم ’مغل اعظم ‘ کی پرنٹ پر شہنشاہ جذبات کے آٹو گراف لینے آئے تھے۔
’ جوان: کمائی۳۵۰؍ کروڑ سے تجاوز
شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’جوان ‘‘ نے سینما گھروں میں دھوم مچارکھی ہے۔ جمعرات کو ریلیز ہونے والی یہ فلم بالی ووڈ کی تاریخ کی سب سے بڑی اوپننگ کرنے والی فلم بن گئی۔ پہلے ہی دن۷۵؍ کروڑ روپے کی کمائی کرنے والی `جوان نے ۳؍دنوں میں مجموعی طورپر۳۸۴ء۶۹؍ کروڑ کا کاروبار کرلیاہے۔ اس میں بیرون ملک کاروبار بھی شامل ہے۔