کیرالا کے ’الاتور‘ علاقے میں الاپوزا،کنور اگزیکٹیو ایکسپریس ٹرین کے ایک کوچ میں ایک نامعلوم نوجوان نے مسافروں پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ آگ سے بچنے کی کوشش میں ٹرین سے چھلانگ لگانےکی وجہ سے دو سالہ بچے سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ٹرین میں موجود۳؍ خواتین سمیت ۹؍ مسافر بری طرح جھلس کر زخمی ہوگئے۔ ان میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ حملے کی فی الحال کوئی وجہ سمجھ میں نہیں آرہی ہے تاہم پولیس اسے دہشت گردانہ کارروائی سے انکار نہیں کررہی ہے۔
جارحیت کا یہ واقعہ اتوار کی دیر رات کوزی کوڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ پولیس نے ریلوے ٹریک سے مشتبہ حملہ آور کا ایک بیگ بھی برآمد کیا ہے۔ مذکورہ بیگ سے دو موبائل اور ایک بوتل پیٹرول اور نوٹ پیڈ ملا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے قریب کی ایک عمارت میں نصب سی سی ٹی وی کی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس میں مبینہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار ہوکر وہاں سے فرار ہوتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔
پولیس کے مطابق، پیرکو تقریباً ڈیڑھ بجے الاپوزا پل کے نزدیک الاتور میں ریلوے ٹریک پر تین لاشیں ملیں۔ ان کی شناخت مچھلی کے تاجر توفیق اور ریحانہ اور ان کی۲؍ سالہ بیٹی سارہ کے طور پر ہوئی ہے جو ضلع کنور کے متنور کے رہنے والے ہیں۔ واقعےمیں زخمی ہونے والوں کو پولیس نے کوزی کوڈ میڈیکل کالج اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں داخل کرایا ہے۔ذرائع کے مطابق ایک نوجوان ٹرین میں داخل ہوا اور وہاں سیٹ پربیٹھے مسافروں پر پیٹرول ڈال کر آگ لگادی اور ٹرین سے کود کر فرار ہوگیا۔




