بی ایم سی کے محکمۂ صحت نے۲۴؍مارچ کو ’ورلڈ ٹی بی ڈے‘کی مناسبت سے جمعرات کو شہر ومضافات میں ٹی بی کےمریضوںکے اعداد وشمار جاری کئے جس کے مطابق ٹی بی کے معاملات میں اضافہ ہواہے ۔ یہ بھی بتایا کہ اس مرض پر قابوپانےکیلئے محکمۂ صحت نےمتعدد پروجیکٹ متعارف کرائے ہیں جن کی مدد سےان افراد میں بھی ٹی بی کی تشخیص ہوئی ہے جو اس مرض میں مبتلا نہیں ہیں۔ٹی بی سے نمٹنے کیلئے شہری انتظامیہ جہاں نئی طبی سہولیات مہیا کررہا ہے وہیں شہریوں میں اس مرض کے بارے میں بیداری لانے کیلئے وہ خصوصی مہم چلارہی ہے۔
بی ایم سی کے محکمہ صحت نے ۲۰۲۰ءمیں ۶۸؍ہزار ۱۰۰؍ افرادکی ٹی بی کی جانچ کی تھی جن میں ۴۳؍ہزار ۲۴۴؍ افرادٹی بی سے متاثرپائے گئے۔ ان میں سے ۴؍ ہزار ۷۴۱؍ افراد ایم ڈی آر اور ۱۸۱؍ ا فراد ایکس ڈی آر ٹی بی سے متاثرپائے گئے۔ ان میں سے ۲۹؍ہزار ۳۷؍ مریضوں کا علاج ہوچکاہے ۔اسی طرح ۲۰۲۱ء میں ۷۲؍ہزار ۹۵۰؍افراد کی جانچ کی گئی تھی جن میں ۵۸؍ہزار ۲۲۱؍ افراد ٹی بی میںمبتلاپائے گئےتھے۔ ان میں ۳۸؍ہزار ۲۵۰؍ مریضو ںکا علاج مکمل ہوچکا ہے جبکہ ۲۰۲۲ء میں ۷۶؍ ہزار افراد کی جانچ کی گئی تھی جن میں ۶۵؍ہزار ۶۱۷؍ افراد ٹی بی سے متاثر پائے گئے ۔ان میں سے ۱۹؍ہزار ۴۹۸؍ مریضوںکا علاج مکمل ہوچکا ہے۔ اس اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ ۳؍سال میں ٹی بی کے مریضوںمیں متواتر اضافہ ہواہے۔
فوری طورپرٹی بی کی تشخیص کیلئے۴۰؍ جدید ترین مشینوں کا انتظام کیاگیاہے۔ اسی طرح سی ایس آر فنڈ سے ۷؍ مشینیں خریدی گئی ہیں ۔ یہ مشینیں ٹی بی کی فوری طورپر تشخیص کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ ٹی بی کے تھوک کی جانچ (کلچرل ٹیسٹ ) کیلئے جون ۲۰۲۳ءمیں کستوربااسپتال (سات راستہ ) میں ایک لیباریٹری شروع کی جائے گی۔ کے ای ایم اسپتال میں بھی کلچرل ٹیسٹ کیلئے اپریل ۲۰۲۳ء تک ایک لیباریٹری مریضوںکیلئے مہیا کی جائے گی۔ ایم ڈی آر اور ایکس ڈی آر ٹی بی کے مریضوں کے علاج کی سہولتیں بھی بی ایم سی کی ڈسپنسریوں اورہیلتھ پوسٹ میں مہیا کرائی جائیں گی۔ ہندوجا اور سرودیہ اسپتال میں ٹی بی کے مریضوںکے علاج کیلئے بی ایم سی کا سینٹر جاری کیاجائے گا۔ جےجے اور واڈیا اسپتال میں ٹی بی سے متاثرہ بچوں کے علاج کیلئے علاحدہ سینٹر قائم کئے جائیں گے۔ان پروجیکٹوں کےعلا وہ بی ایم سی نے متعدد اسکیموں کےذریعے ٹی بی کے مریضوں کے علاج کیلئے میونسپل اسپتالوں، دواخانوں اور ہیلتھ سینٹروںپر سہولیات مہیا کرائی ہیںتاکہ اس مرض کوبڑھنے سے روکا جاسکے۔
ٹی بی کی روک تھام کیلئے ۲۳-۲۰۲۲ءمیں جو مہم چلائی گئی ہے، ا ن میں اسٹریٹ پلے، ریلی، کرکٹ میچ، ٹی بی کے مریضوںکی ملاقات، کمیونٹی میٹنگ، ہورڈنگز ، ویڈ یو اور ریڈیوکے ذریعے لوکل ٹرینوں میں ٹی بی سےمتعلق احتیاطی تدابیر پر مبنی تشہیر وغیرہ شامل ہے ۔
دریں اثنا ء بی ایم سی محکمہ صحت نے ٹی بی کی تشخیص کیلئے آرٹیفیشل انٹلی جنس نامی ٹیسٹ کے ذریعے ۵۷؍ ہزار ۷۸۱؍ایسے مریضوںکا ٹیسٹ کیاہے جنہیںٹی بی کی شکایت نہیں تھی ، ان میںسے ۱۰؍ہزار۲۲۵؍مریضوں میںعلامتی ٹی بی ظاہر ہوئی ہیں۔ان میں ایسے ۹؍ہزار ۷۰۲؍ مریض ہیں جنہیں ٹی بی کی شکایت ہوسکتی ہے ۔انہیں تھوک کی جانچ کیلئے بلایاگیاتھاجن میںسے صرف ۲؍ہزار ۳۷۶؍ لوگوں نے تھوک کا ٹیسٹ کروایاہے۔ان میں ۷۰۴؍ افراد کی ٹی بی کی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔