مودی پر متنازع تبصرہ کرنے پر راہل گاندھی کو گجرات کی عدالت نے ۲؍سال کی سزا سنائی ہے جس کے خلاف کانگریس کےلیڈران اور کارکنان نے آزاد میدان کے قریب واقع پارٹی کے دفتر کے باہر احتجاج کیا ۔ اس موقع پر ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ نے کہاکہجس طرح سے ملک میں جمہوریت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، انفرادی آزادی کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، آئے دن ملک کے آئین کی اقدار کو پامال کیا جا رہا ہے اور آئین کی توہین کی جا رہی ہے ،اس کے خلاف کانگریس کے قومی لیڈر راہل گاندھی پارلیمنٹ میں آواز بلند کرتے آرہے ہیں۔ مودی حکومت اس سے خوفزدہ ہوکر راہل گاندھی کے خلاف کارروائی کے بہانے ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے ۔
ممبئی کانگریس کے اس احتجاجی دھرنے میں مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے کے ساتھ سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان، پرتھوی راج چوہان، رکن اسمبلی وجے وردیٹیوار، سنیل کیدار، امین پٹیل، ممبئی کانگریس کے کارگزار صدر چرن سنگھ سپرا، خزانچی بھوشن پاٹل، خواتین ونگ کی صدر انیشا باگُل اور دیگر عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔
بھائی جگتاپ نے کہا کہ راہل گاندھی نے پارلیمنٹ میں کسانوں کے مسائل کو اٹھایا، وہ نوجوانوں کی بے روزگاری پر بات کرتے ہیں، ملک کے عام لوگوں کی آواز کو حکومت تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں پھر بھی انہیں بولنے کی اجازت نہیں ہے ۔یہ کتنے شرم کی بات ہے کہ اُن کا مائیک بند کردیا جاتا ہے۔ اس سے بی جے پی حکومت کی نااہلی ظاہر ہوتی ہے۔