حیدرآباد:سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت کنٹراکٹ اور خانگیانے کی پالیسی کے تحت سنگارینی کالریز کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ وزیر اعظم نے اگرچہ خانگیانے کی تردید کی ہے لیکن ان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ نارائنا نے کہا کہ ایک منافع بخش ادارہ کو ختم کرنے کی تیاری کی جاچکی ہے۔ وزیر اعظم کا دورہ سیاسی مقصد براری کیلئے تھا اور ریاست کی ترقی سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ پارٹی قائدین پی وینکٹ ریڈی اور ای ٹی نرسمہا کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر نارائنا نے کہا کہ مودی حکومت نے کئی قومی اداروں کو خانگیانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ملک میں مودی حکومت بدعنوانیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ کے موقع پر احتجاج سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ منوگوڑ کی شکست کے بعد بی جے پی کیڈر کے حوصلے بڑھانے کیلئے نریندر مودی نے تلنگانہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کالریز میں مرکز کی حصہ داری 49 فیصد ہے اور مرکزکو خانگیانے کے سلسلہ کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی سنگارینی کی کئی اوپن کاسٹ مائنس کو خانگی شعبہ کے حوالے کردیا ہے۔ نریندر مودی کے دورہ پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ مودی کے دورہ سے تلگو ریاستوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔