سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے اوکے علاقے میں منگل کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی میں ٹی آر ایف سے وابستہ دو مقامی جنگجو ہلاک ہوگئے کشمیر زون پولیس نے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کولگام کے اوکے علاقے میں تصادم آرائی کے دوران لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ٹی آر ایف سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجوؤں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس، فوج کی9 آر آر اور سی آر پی ایف کی 18 بٹالین سے وابستہ ایک مشترکہ ٹیم نے منگل کی علی الصبح اوکے گاؤں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
قابل ذکر ہے کولگام میں تیس دسمبر کو لشکر طیبہ کے تین جنگجو مارے گئے تھے جن میں ایک پاکستانی جنگجو تھا۔