سلطانپور:سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو کا نام لئے بغیر وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ اترپردیش کی ترقی کے لئے ایماندارانہ سوچ کے ساتھ کام کرنے والی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی کامیابی کو دیکھ کرکچھ لوگ حواس باختہ ہیں۔
مودی نے 341کلو میٹر لمبے پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح کرنے کے بعد ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہااترپردیش کو ڈبل انجن کی حکومت کے جب یاسے فائدے ملتے ہیں تو کچھ لوگ بے چین ہوجاتےہیں۔ ان کی بے چینی قدرتی ہے۔ جو اپنے وقت میں ناکام رہے وہ یوگی کی کامیابی بھی نہیں دیکھ پارہے ہیں جو دیکھ نہیں پارہے ہیں وہ ہضم کیسے کرپائیں گے۔ ایسی سوچ سے دور رہ کرہمارا مقصد خدمت خلق کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سات آٹھ سال پہلے اترپردیش میں نظم ونسق، سڑک اور دیگر بنیادی سہولیات کی خوف ناک حالت دیکھ کر تعجب ہوتا تھا۔ سال 2014 میں یہاں کے لوگوں کے آشیرواد سے ملک کی باغ ڈور سنبھالنے کے بعد انہوں نے اترپردیش کی چو طرفہ ترقی کا خاکہ تیار کیا لیکن یوپی کی سابقہ حکومت نے ساتھ نہیں دیا۔ یہاں تک کے وزیر اعلی میرے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے تک سے گھبراتے تھے۔ جب وہ یوپی آتے تھے تو صرف ائیرپورٹ پر رسیو کرتے تھے اور اس کے بعد پتہ نہیں کہاں غائب ہوجاتے تھے۔