ہرکسی کے بینک کھاتے میں 15 لاکھ روپئے اور ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کو ملازمتیں دینے کا جھوٹا وعدہ کرنے والے شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے معاملے میں بھی جھوٹ بول کر ملک کی عوام کو گمراہ کرنے والے مودی و امیت شاہ جھوٹوں کے سردار ہیں۔
یہ سخت تنقید کانگریس کے جنرل سکریٹری و مہاراشٹر کے نگراں ملکارجن کھڑگے نے کی ہے جبکہ وہ کانگریس کے 135 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر اگست کرانتی میدان سے گرگام چوپاٹی تک نکلنے والے کانگریس کے ’ بھارت بچاؤ، سنویدھان بچاؤ‘ فلیگ مارچ سے خطاب کررہے تھے۔گرگام چوپاٹی کے قریب فلیگ مارچ کے اختتام کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے مزید کہا کہ ممبئی شہر میں کانگریس کا قیام عمل میں آیا۔ 1942 میں ’انگریزو بھارت چھوڑو‘ کی تحریک یہیں ممبئی سے شروع ہوئی۔
کانگریس نے جدوجہد کے ذریعے ملک کو آزادی دلائی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومتوں نے ملک کے آئین کے مطابق چلتے ہوئے ملک میں جمہوریت کو مستحکم کیا اور آئین کے مطابق سبھی کو برابری کا حق دیا لیکن آر ایس ایس کے اشاروں پر چلنے والی بی جے پی حکومت نے آئین کو ہی بدلنے کی کوشش شروع کردی ہے۔ شہریت ترمیم قانون، این آر سی و این پی آر انہیں کوششوں میں سے ایک ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ آئین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک میں مذہبی منافرت اور فرقہ پرستی پھیلانے کی کوشش مودی و شاہ کر رہے ہیں۔ انہیں ’چلے جاؤ‘ کہنے کے لیے یہ فلیگ مارچ شروع کیا گیا ہے۔اس موقع پر ریاستی کانگریس کے صدر بالا صاحب تھورات نے کہا کہ اپنے قیام کے بعد سے کانگریس نے تمام مذاہب اور تمام طبقات کے لوگوں کو ساتھ لے کر ملک کو آزادی دلائی۔
آزادی کے بعد ملک کے دستور کے مطابق تمام لوگوں کو یکساں مواقع دیا اور سبھی کے لیے انصاف و ہر فرد کو آزادی کی ضمانت دی لیکن آج صورت حال یہ ہے کہ آئین نے ہرفرد کو جو آزدی دی ہے، اسے بی جے پی کی حکومت چھین لینا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی یہ کوشش ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ مودی و شاہ کی آمریت سے ملک کو آزادی دلانے کے لیے کانگریس نے آزدی کی نئی لڑائی شروع کی ہے۔اس موقع پر ممبئی کانگریس کے صدر ایکناتھ گائیکواڑ نے آئین کا عہدنامہ پڑا۔