سونی پت: ہریانہ میں سونی پت ضلع کے گنور ڈویژن میں منک مجری گاؤں کے مسجد کے امام اور ان کی اہلیہ کے قتل کے معاملے میں پولس نے ملزم ستبیر کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم اسی گاؤں کا رہنے والا ہے اور اس نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ پولس نے ملزم کو منگل کے روز عدالت میں پیش کر دیا۔
واضح رہے کہ مسجد کے پیچھے بنے کمرے میں امام محمد عرفان اور ان کی اہلیہ یاسمین رہتی تھیں اور گزشتہ اتوار کو دونوں کو رات میں سوتے وقت قتل کر دیا گیا تھا۔
پولس نے اس انتہائی حساس نوعت کے معاملہ سے 24 گھنٹے کے اندر پردہ اٹھا دیا ہے۔ پولس کے مطابق تفتیش کے دوران گاؤں کے ہی ایک رہائشی خورشید نے بتایا کہ ملزم ستبیر کو امام پر شک تھا کہ وہ اس کے خلاف کالا جادو کرتے ہیں اور اس وجہ سے اس کے والد اور بھائی بیمار رہنے لگے۔
گرفتار شدہ ملزم ستبیر نے پولس کو بتایا کہ وہ رات کو چارپائی کا پایہ لے کر امام عرفان کے گھر میں گھس گیا اور سوتے وقت ان کے سر پر کئی وار کئے۔ اسی دوران ان کی اہلیہ جاگ گئی تو اس نے ان پر بھی حملہ کر دیا اور دونوں کو قتل کر دیا۔