وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے روزفرانس میں جی۔7 چوٹی کانفرنس کے دوران اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس سے ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق ، دونوں رہنماؤں کے مابین ماحولیات ، دہشت گردی ، عالمی منظرنامے کو لیکر تبادلہ خیال ہوا۔ اسی دوران، بتایاجارہاہے کہ وزیراعظم مودی اوراقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری کے مابین جموں و کشمیر کے حالات پرگفتگوکی گئی ۔دونوں رہنماؤں نے وسیع تر موضوعات پر ثمرآور بات چیت کی۔
وزیراعظم مودی نے فرانس کے جنوب مغرب میں واقع ساحل ٹاؤن بیارٹزمیں جی۔7 چوٹی کانفرنس کے موقع پرانتونیو گوٹریس سے ملاقات کی۔ پی ایم او کی جانب سے کیے گئے ٹویٹ میں بتاگیاہے کہ ، جی۔7 چوٹی اجلاس کے دوران پرپی ایم مودی اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل گوٹریس کے درمیان ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف موضوعات پرتفصیلی بات چیت کی ہے۔
وزارت خارجہ نے بھی کیا ٹویٹ
وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ”وزیر اعظم نریندر مودی نے برٹزمیں جی۔7 چوٹی کانفرنس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس سے ملاقات کی۔ اقوام متحدہ میں موسمیاتی ایکشن سمٹ میں ہندوستان کی شرکت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیاہے۔
جموں و کشمیرکےحالات پربات چیت
واضح رہے کہ حکومت ہند کی جانب سے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کی تنسیخ اوراس ریاست کو دو مرکزی زیرانتظام علاقوں میں تقسیم کئے جانے کے پس منظر میں ان دونوں قائدین کی یہ پہلی ملاقات و بات چیت تھی۔یادرہے کہ انتونیو گوٹریس نے ہندوستان اور پاکستان پر زیادہ سے زیادہ صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا اور کہا تھا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے جموں و کشمیر کا موقف متاثر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے شملہ معاہدہ کا حوالہ بھی دیا تھا جس میں کسی تیسرے فریق کی ثالثی کے امکان کو مسترد کردیا گیا تھا۔
پی ایم مودی آج ٹرمپ سے کریں گے ملاقات
فرانس میں وزیراعظم نریندر مودی اور مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات پر دنیا بھر کی نگاہیں ہوں گی۔کشمیر پر اس ملاقات میں بات چیت ہوگی۔دفعہ تین سو ستر کی منسوخی کے بعد دونوں لیڈروں کی یہ پہلی ملاقات ہوگی۔ماناجاتا ہے کہ ٹرمپ وزیراعظم مودی سے کشمیر میں صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے کیے جارہے اقدامات کے متعلق دریافت کرسکے ہیں۔ کشمیر کے ساتھ ساتھ اس ملاقات میں تجارت۔ دہشت گردی سے مقابلہ ۔انسانی حقوق سمیت دیگر دوطرفہ امور پر بھی بات چیت ہوسکتی ہے۔ ہم آپ کو بتادیں کہ وزیراعظم نریندرمودی جی۔7 چوٹی کانفرنس میں حصہ لینے کے لئے اتوار کے روز فرانس پہنچے تھے۔ یہاں پہنچنے کے بعد ، پی ایم مودی کو فرانس کے شہربیارٹز میں ‘گارڈ آف آنر’ دیا گیا۔ وزیراعظم مودی نے فرانس میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں کے مابین دوطرفہ اہمیت کے بہت سے امور زیربحث آئے۔ مودی آج یہاں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت متعدد رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ اس دوران ، وزیر اعظم مودی ماحولیاتی تبدیلی ، آب و ہوا، دہشت گردی اورٹکنالوجی کے علاوہ عالمی امور پر بات چیت کریں گے۔