جموں۔کشمیر میں آرٹیکل۔370 ہٹائے جانے کے بعد سے بڑھی کشیدگی کے درمیان اب خبر آرہی ہے کہ پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس پر روک لگادی ہے۔ پاکستان نے اپنے ڈرائیور اورگارڈ کو اسٹیشن بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔ ٹرین رکنے سے واگہ ۔اٹاری بارڈر پر ہزاروں مسافر پھنس گئے ہیں۔
اٹاری بین الاقوامی ریلوے اسٹیشن کے سپریٹنڈنٹ اروند کمار گپتا کے مطابق آج پاکستان سے سمجھوتہ ایکسپریس کو ہندستان آنا تھا لیکن اس دوران پاکستان نے عین وقت پر ٹرین روک دی ہے۔
پاکستان نے سمجھوتا ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس بات کا اعلان وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سمجھوتا ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، سمجھوتا ایکسپریس کی بوگیاں عید پر چلائی جانے والی مسافر ٹرینوں کے لیے استعمال کی جائیں گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہر ٹرین میں 2 بوگیوں کا اضافہ کیا جائے گا، یہ فیصلہ بہت اچھے وقت پر کیا گیا ہے، یہ تین چار ماہ اور اگلا سال بہت پُر خطر ہے، جنگ بھی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، لیکن اگر جنگ ہوئی تو یہ آخری جنگ ہو گی، ایک وزیر کی حیثیت سے سمجھوتا ایکسپریس کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مریم نواز ہوں یا کوئی اور ، ملکی خزانہ لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی، وہ لوگ جن کے انہوں نے شیئرز بتائے تھے وہ بھی بیانِ حلفی دینے لگے ہیں، اپوزیشن کو کشمیرکے نام پر اکٹھا ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کی سالگرہ محکمہ ریلوے اہتمام سے منائے گا، پاکستان آرمی نے جو کہا ہے کہ آخری حد تک جائیں گے، اس کا مطلب سمجھنا چاہیے۔



