حیدرآباد: کانگریس کے سبکدوش صدر راہل گاندھی نے سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی کو خراج پیش کیا جو اتوار کو شہر حیدرآباد کے ایک اسپتال میں علاج کے دوران چل بسے۔انہوں نے اس خصوص میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا”مجھے سابق مرکزی وزیر و کانگریس کے سرکردہ رہنما ایس جئے پال ریڈی کی اچانک موت پر دکھ ہوا۔وہ ایک بہترین پارلیمنٹرین تھے۔انہوں نے اپنی تمام زندگی عوام کی خدمت کے لئے وقف کردی تھی۔
ان کے اراکین خاندان اور دوستوں سے میں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں“تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔اپنے تعزیتی پیام میں وزیراعلی نے مرکزی وزیر کے طورپر جئے پال ریڈی کی خدمات کو یاد کیا اور کہا کہ وہ ایک بہترین پارلیمنٹرین تھے۔وزیراعلی نے ان کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔نائب صدر جمہوریہ وینکیانائیڈو نے سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
وہ حیدرآباد کے جوبلی ہلز میں واقع جئے پال ریڈی کی قیام گاہ پہنچے اور ان کا دیدار کرتے ہوئے ان کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے اس موقع پر جئے پال ریڈی کے ساتھ ان کی رفاقت کو یاد کیا اور کہا کہ اسمبلی میں وہ ان کے ساتھ ایک ہی چیمبر میں بیٹھا کرتے تھے۔انہوں نے کہاکہ جئے پال ریڈی نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے کافی ذمہ داری سنبھالی تھی۔انہیں بہترین پارلیمنٹرین کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔وہ اپنی تقریری صلاحیت اور دانشوری کے وجہ سے جانے جاتے تھے۔