رناٹک اسمبلی کے اسپیکر کے آر رمیش کمار نے کانگریس اور جنتا دل (ایس) کے 14 باغی ممبران اسمبلی کو پارٹی بدل قانون کے تحت اتوار کو نااہل قرار دے دیا۔ مسٹر رمیش کمار نے جنتا دل (ایس) کے تین ممبران اسمبلی سمیت 14 باغی ممبران اسمبلی کو فوری طورپر نااہل قرار دیا۔اس کے ساتھ ہی نااہل ممبران اسمبلی کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی ہے۔ اسمبلی اسپیکر نے گزشتہ ہفتہ کانگریس کے دو اور ایک آزاد ممبر اسمبلی کو نااہل قرار دیا تھا ۔
ان ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد 225 رکنی اسمبلی میں کل 208 نشستیں رہ گئی ہیں ۔ یدی یورپا کو اکثریت ثابت کرنے کیلئے 105 ممبران اسمبلی کی ضرورت پڑے گی ۔ ریاست میں 14 ماہ پرانی کانگریس – جنتادل (ایس) مخلوط حکومت گرنے کے بعد حکومت بنانے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کے 105 رکن اسمبلی ہیں اور پارٹی کو ایک آزاد ممبر اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔
اسپیکر رمیش کمار نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کے عہدہ کی وجہ سے جس طرح سے ان کے ساتھی ان پر دباو بنا ڈال رہے تھے ، اس نے انہیں ڈپریشن میں ڈال دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ کچھ دنوں میں فیصلہ لے لوں گا ، میں وقت کی حد کا احترام کررہا تھا ۔ یہ ڈراما یا ہیر پھیر نہیں ، میں جنٹلمین کی طرح سلوک کررہا ہوں ۔
اس سوال کے جواب میں کہ بی جے پی ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی تیاری کررہی ہے ، رمیش کمار نے کہا کہ انہیں کرنے دیں ، مجھے فکر کیوں کرنی چاہئے ؟ ۔ بی جے پی کے ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ اگر رمیش کمار اپنی مرضی سے استعفی دے کر اسپیکر کا عہدہ خالی نہیں کرتے ہیں ، تو بی جے پی ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرسکتی ہے ۔
ذرائع کے مطابق رمیش کمار کو بی ایس یدی یورپا کے سوموار کو اعتماد کا ووٹ ثابت کرنے سے پہلے اسپیکر کا عہدہ خالی کرنے کا پیغام دیدیا گیا ہے ۔ بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ اگر اسپیکر خود استعفی نہیں دیتے ہیں ، تو ہم ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے ۔ ہمارا پہلا ایجنڈہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا اور مالی بل کو پاس کرنا ہے ، ہم اسپیکر کے خود استعفی دینے کا انتظار کریں گے ۔