مودی حکومت کی مرکزی وزیر اور سلطان پور سے بی جے پی کی امیدوار مینکا گاندھی نے ایک انتخابی جلسہ عام کے دوران مسلمان ووٹروں کو دھمکی دیتے ہوئے متنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو دھمکاتے ہوئے کہا، ”اگر آپ مجھے ووٹ نہیں دوگے تو میرے لئے بھی آپ کے لئے کام کرنا مشکل ہوگا۔“ انہوں نے مزید کہا، ”انتخابات میں میری جیت مسلمانوں کے بغیر بھی ہوگی اور ساتھ بھی ہوگی۔ لیکن اگر جیت میں مسلمانوں کو تعاون نہیں ہوگا تو مجھے اچھا نہیں لگے گا۔“
مینکا گاندھی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، حالانکہ اس بیان میں مینکا گاندھی کا ڈر کہیں نہ کہیں نظر آ رہا ہے۔
مینکا گاندھی نے کہا، ”میں چناو جیت جاوں گی، اس کے بعد آپ کو بھی میری ضرورت پڑے گی۔ اس ضرورت کی بنیاد ڈالنی ہوگی۔ چناو کے بعد جب مجھے پتہ چلے گا کہ آپ کی طرف سے مجھے 100 ووٹ ملے یا 200 ووٹ ملے تو جب آپ کام کے لئے آئیں گے تو میرا رویہ بھی ویسا ہی رہے گا۔“
منکا گاندھی کا خوف زدہ کرنے کا سلسلہ یہیں نہیں تھما، انہوں نے مزید کہا، ”ہم بھی کوئی مہاتما گاندھی کی چھٹی اولاد نہیں ہیں۔ ایسا تھوڑی ہے کہ ہم صرف دیتے ہی رہیں گے اور چناو میں ہائی بھی کھائیں گے۔“ اتنا کہنے کے بعد انہوں نے کہا کہ دو دوستی کا ہاتھ لے کر ان کے پاس آئی ہیں۔
واضح رہے کہ مینکا گاندھی اس مرتبہ سلطان پور سے چناو لڑ رہی ہیں جبکہ 2014 میں وہ پیلی بھیت سے چناو لڑی تھیں۔ اس مرتبہ بی جے پی نے پیلی بھیت سیٹ سے مینکا گاندھی کے بیٹے ورون گاندھی کو امیدوار بنایا ہے۔