اتر پردیش کے مین پوری میں ایک حادثہ میں 17 لوگوں کی جائے حادثہ پرموت واقع ہو گئی جبکہ 35 سے زیادہ لوگ شدید زخمی ہو گئے ہیں، یہ بس راجستھان کے جے پور سےگوسائیں گنج جا رہی تھی۔
اتر پردیش کے مین پوری میں ایک دردناک سڑک حادثہ ہوا ہے، یہاں کے دنناہار تھانے کے كيرت پور چوکی کے قریب ٹورسٹ بس بے قابو ہوکر پلٹ گئی، حادثے میں 17 لوگوں کی جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہو گئی جبکہ 35 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔یہ حادثہ آج یعنی بدھ کی صبح قریب 5 بجے ہوا، حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد پولس اور ایمبولینسوں کی کئی گاڑیوں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال میں داخل کرایا گیا، زخمیوں میں کئی لوگوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ بس راجستھان کے جے پور سے قنوج کے گوسائیں گنج جا رہی تھی، اسی دوران مین پوری کے دنناہار تھانہ علاقے میں بس سڑک ڈیوائڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی، حادثے کے وقت بس میں قریب 90 مسافر سوار تھے۔اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بس حادثہ میں مسافروں کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے، ساتھ ہی بس حادثے میں زخمی مسافروں کا صحیح طریقے سے علاج کرانے کے لئے حکام کو ضروری ہدایات دی ہیں۔