آر ایس ایس کے ایک کارکن جو ابوظبی واقع ٹارگیٹ انجینئرنگ کنسٹرکشن کمپنی میں رِگنگ سپروائزر کرشنا کمار نے فیس بک پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا جس میں کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کے قتل کا منصوبہ ظاہر کیا. ویڈیو وائرل ہوتے ہی کمپنی نے اسے نوکری سے نکال دیا۔
آر ایس ایس کے ایک کارکن کو اس وقت اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑ گیا جب اس نے فیس بک پر کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کو قتل کرنے سے متعلق دھمکی بھرا ایک ویڈیو پوسٹ کیا۔ جب گزشتہ بدھ یعنی 6 جون کو کرشنا کمار دفتر پہنچے تو انھیں پتہ چلا کہ ان کی ملازمت چلی گئی ہے۔ پھر انھیں پتہ چلا کہ ملازمت جانے کی وجہ ان کا ویڈیو ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے۔دراصل ویڈیو میں انھوں نے کہا تھا کہ ’’میں پرانا آر ایس ایس کارکن ہوں اور ایک بار پھر سرگرم ہونے جا رہا ہوں۔ میں یہاں اپنی ملازمت چھوڑ کر کیرالہ واپس آ رہا ہوں۔ میں اس وقت دوبئی میں ہوں اور قتل کرنے کے مقصد سے دو تین دن کیرالہ میں رہوں گا۔‘‘ وہ ویڈیو میں مزید کہتے ہیں کہ ’’یہ پرانے چاقو میں دھار دینے کا وقت ہے۔ مجھے میری زندگی ختم ہونے کی پرواہ نہیں ہے۔ اگر ہم نے کسی کا قتل کرنے کا عزم کر لیا ہے تو ہمیں اسے انجام دینے کی ضرورت ہے۔‘‘ اس ویڈیو کی سوشل میڈیا میں خوب تنقید ہو رہی ہے اور جب کنسٹرکشن کمپنی کو اس کے بارے میں پتہ چلا تو اس نے فوری اثر سے کرشنا کمار کو ملازمت سے نکال دیا۔