پارلیمنٹ میں بی جےپی کے رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی کی انتہائی بیہودہ زبان اور دشنام طرازی کا سامنا کرنے والے رکن پارلیمان کنور دانش علی کوہی اب مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش شروع ہوگئی ہے۔ بی جےپی کے رکن پارلیمان نشی کانت دوبے کے بعد اب بھوجپوری اداکار اور ایم پی روی کشن بھی میدان میں آگئے ہیں ۔دوبے نے دانش علی پر ایوان میں وزیراعظم کے تعلق سے غیر پارلیمانی جملہ ادا کرنے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ روی کشن نے اسپیکر سے ان کے خلاف جانچ کی مانگ کی ہے۔ دانش علی نے کہا ہے کہ اگر یہ الزام صحیح ہے تو اس کا ویڈیو موجود ہونا چاہئے، لوک سبھا کی ریکارڈنگ دیکھ لی جائے۔ دانش علی کے مطابق اپنی تقریر کے دوران رمیش بدھوڑی نے غیر پارلیمانی لفظ استعمال کرتے ہوئے الزام تراشی کی تھی کہ اپوزیشن مذکورہ لفظ وزیراعظم کیلئے استعمال کرتی ہے، جس کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے آواز بلند کی تھی اور جواب میں رمیش بدھوڑی گالم گلوچ پر اتر آئے۔
دانش علی کو ماب لنچنگ کا خطرہ
دانش علی نےقتل کئے جانے کے خدشہ کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں ۔ انہوں نے نمائندہ انقلاب سےگفتگو میں بتایا کہ انہیں فون پر دھمکی آمیز پیغامات موصول ہورہے ہیں ۔دانش علی نے کہاکہ’’ انہوں نے ایوان میں میری زبانی لنچنگ کی۔ ممبر پارلیمنٹ نے مجھے دھمکی دی کہ وہ مجھے باہر دیکھےلے گا۔ اب بی جےپی کے دیگر ممبران پارلیمنٹ ایک بیانیہ بنانے کیلئے بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں اور وہ پارلیمنٹ کے باہر میری لنچنگ کا ماحول تیار کررہے ہیں ۔‘‘انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوک سبھا اسپیکر اس پورے معاملہ کی جانچ کریں اور اگر انہوں نے کچھ ایسا کیا ہے تو اس کو ثابت کیا جائے۔واضح رہے کہ رمیش بدھوڑی کا دفاع کرتےہوئے نشی کانت دوبے نے الزام عائد کیاہےکہ کنور دانش علی نے وزیر اعظم مودی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔
وزیراعظم کے عہدہ کا وقار بچانے کی کوشش کی
دانش علی نے کہا کہ بی جے پی کے کچھ لیڈریہ بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں رمیش بدھوڑی کو اکسایا، جبکہ سچ یہ ہے کہ ’’میں نے وزیر اعظم مودی کے عہدے کے وقار کو بچانے کی کوشش کی اور چیئر پرسن کو وزیر اعظم مودی کیلئے استعمال ہونے والے انتہائی قابل اعتراض الفاظ سے آگاہ کیا اور انہیں ایوان کی کارروائی سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔‘‘
دانش علی نے کہاکہ اگر نشی کانت دوبے جو کہہ رہے ہیں وہ سچ ہے تو اس کا ویڈیو ضرور ہوگا، کچھ نہ کچھ ضرور گا۔ کیا بی جے پی کے تمام ممبران پارلیمنٹ اتنے بے شرم ہیں کہ میں وزیراعظم کی توہین کررہاتھا اور وہ وہاں بیٹھ کر ہنس رہے تھے؟
روی کشن کا اسپیکر کو مکتوب
رمیش بدھوڑی کےمغلظات بکنے کے باوجود ان کی حمایت میں بی جے پی لیڈر نشی کانت دوبے کے بعد اب بھوجپوری اداکار اور گورکھپور سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ روی کشن بھی آگئے ہیں ۔ انہوں نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو مکتوب لکھ کر دانش علی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے اپنے مکتوب میں کہاکہ کنور دانش علی پارلیمنٹ میں ان کی تقریر میں بھی دو بار رخنہ ڈال چکے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ وہ رمیش بدھوڑی کے تبصرے کی حمایت نہیں کرتے لیکن جب وہ بول رہے تھے تب دانش علی مسلسل رخنہ اندازی کر رہے تھے ، جس کی وجہ سے بدھوڑی نے ایسے الفاظ کا استعمال کیا ہوگا۔
بدھوڑی کے تبصرہ پر چہار سو ناراضگی
رمیش بدھوڑی نے پارلیمنٹ میں جس گھٹیاپن کا مظاہرہ کیا اس سے چہار سو ناراضگی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے بھی اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےر میش بدھوڑی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔متعدد لیڈروں نے بدھوڑی کی رکنیت منسوخ کرکے اس کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے تحت معاملہ درج کرکے گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔