یہاں کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی)کے اجلاس کا آغاز ہوگیا ہے جس میں ۵؍ریاستوں کے انتخابات پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔اس دورزہ اجلاس میں شرکت کے لئے نئی دہلی سے حیدرآباد آمد پر پارٹی صدر کھرگے نے کہا کہ پارٹی کے صدر کے طورپر ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سی ڈبلیو سی کا یہ پہلا اجلاس ہے کافی اہم ہوگا جس میں پارٹی سے متعلق امورزیربحث آئیں گے۔قبل ازیں کانگریس لیڈر سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور کھرگے کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لئے حیدرآباد پہنچ گئے تھے۔ کانگریس صدر ملکارجن سی ڈبلیو سی کے اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے خطاب میں مودی حکومت پر جم کر تنقیدیں کیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیکولر شبیہ کو گزشتہ ۹؍ سال میں بے پناہ نقصان پہنچایا گیا ہے لیکن ہم نے بھارت جوڑو یاترا کے ذریعے اس کی بڑی حد تک تلافی کردی ہے لیکن اب بھی ملک میں کئی جگہوں پر فرقہ وارانہ تشدد ہو رہا ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ’’ملک میں فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دی جارہی ہے۔فرقہ وارانہ واقعات پوری دنیا میں ملک کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں لیکن مودی حکومت یہ بات سمجھنے کو تیار نہیں ہے۔وہ ان واقعات کا صرف سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔‘‘ کھرگے نے کہا کہ’’ اسی لئے ہم نے اس فورم اور مجلس عاملہ کے ذریعے طے کیا ہے کہ فرقہ وارانہ واقعات روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے اور ملک کی سیکولر شبیہ کو برقرار رکھنے کیلئے مسلسل جدو جہد کی جائے گی۔‘‘ انہوں نے سرکا ر پر مردم شماری جیسی اہم مشق سے چشم پوشی کرنے کا بھی الزام عائد کیا اور پوچھا کہ’’ مودی حکومت مردم شماری کیوں نہیں کروارہی ہے جبکہ یہ انتہائی اہم مشق ہے۔‘‘ ساتھ ہی کھرگے نے ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ’’ اس سے ملک کی ترقی کا خاکہ زیادہ بہتر طریقے سے بن سکے گا۔ کھرگے نے انڈیا اتحاد کی پارٹیوں کے عزم اور ملک سے فرقہ پرستی کو ختم کرنے کی ان کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن سے متعلق سرکار کی خفیہ تیاریوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ مودی حکومت کی نیت صاف نہیں ہے ورنہ وہ ایجنڈے پر اپوزیشن سے گفتگو کرتی اور اسے اعتماد میں لیتی۔‘‘کانگریس کے اس اجلاس میں ۵؍ ریاستوں کے اسمبلی الیکشن اور ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی الیکشن کے تعلق سے کانگریس کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اس سے قبل پی سی سی کے صدر ریونت ریڈی،سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارک اور دیگر لیڈروں نے شمس آباد ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ روایتی تلنگانہ ثقافت ،قبائلی رقص، ڈھول، فنکاروں اور باجوں کے ساتھ ان تمام کا استقبال کیا گیا۔ سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، کھرگے ایئرپورٹ سے سیدھے تاج کرشنا ہوٹل گئے جہاں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے۔