حرمین شریفین اور مسجد اقصیٰ میں ۲۷؍ویں شب کی مناسبت سے خصوصی عبادات اوردعا ؤں کا اہتمام کیا گیا ۔ اس دوران عالمی سطح پر عبادات کے ساتھ ساتھ درس قرآن اور اجتماعی مطالعۂ قرآن کا بھی اہتمام کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حرم مکی اور مسجد نبویؐ میں تقریبا ۲۵ ؍لاکھ افراد نے رمضان کی ۲۷؍ ویں شب کو عشا ءاور تراویح ادا کی ۔ سعودی سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پیر کی دوپہر ہی سے مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں بڑی تعداد میں عشاء اور تراویح کی نماز ادا کرنے کیلئےپہلے سے پہنچنے لگے تھے۔دونوں مقدس مساجد کی تمام منزلیں، دالان، تہ خانے، چھتیں اور اطراف کے علاقے نمازیوں سے بھر گئے۔نماز ادا کرنے والوں میں سعودی شہری، تارکین وطن اور زائرین شامل تھے۔ اس دوران کچھ ایسے ویڈیو بھی منظر عام پر آئے ہیں جن میں حرم مکی سے متصل اہم بازار ابراہیم خلیل اسٹر یٹ میں بڑی تعداد میں لوگ تراویح کی نماز ادا کرتے ہوئے نظرآئے۔ اسی طرح کچھ چینلوں نے ۲۷ ؍ ویں شب کے موقع پر مسجد الحرام میں تراویح کے براہ راست مناظر نشر کئے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد الحرام کے اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز ، ہوٹلوں کی راہداریاں اور علاقے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔
حرمین شریفین کے انتظامیہ نے ۲۷؍ویں شب سے متعلق خصوصی انتظامات کئے تھے تاکہ زائرین کو ذکر، عبادت اور نماز میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دریں اثناء مسجد الحرام میں ۲۷ ؍ویں روزے کو معمول کے مطابق دن میں ۱۰؍ بار صفائی ستھرائی کی گئی۔ اس کام کیلئے ۴؍ ہزار سے زیادہ اہلکار اور چار سو نگراں مامور تھے۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے ترجمان ہانی حیدر نے بتایا کہ۲۷ ؍ ویںشب کے انتظامات کی براہ راست نگرانی حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کی ۔
ہانی حیدر نے بتایا کہ اس موقع پر آب زمزم کی تقسیم کے خاص انتظامات کئے گئے جبکہ مطاف میں۲؍ لاکھ سے زیادہ آب زمزم کی بوتلیں، صفا اور مروہ کے درمیان تحائف کے دو سو بیگ تقسیم کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ معمر اور معذورزائرین کے لئے ۳؍ ہزار الیکٹرانک وہیل چیئرز فراہم کی گئیں۔ وہیل چیئر کے ذریعے داخلے کے۴؍ دروازے مختص تھے۔
اسی دوران مسجد اقصیٰ میں رمضان کی ۲۷؍ ویں شب میں عقیدت و احترام کے ساتھ عباد ت کی گئی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ہزاروں افراد خصوصی عبادات کے اجتماع میں شریک ہوئے۔
پیر اور منگل کی درمیانی شب بڑی تعداد فلسطینیوں نے رمضان کی ۲۷؍ ویں شب کو مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں عشاء اور تراویح کی نماز روحانی اور ایمانی ماحول میں ادا کی۔ا سرائیل کی جانب سے سخت حفاظی انتظامات کے باوجود بڑی تعداد میں فلسطینی شہری مسجد اقصیٰ میں جمع ہوئے۔ مسجد اقصیٰ کے آس پاس جابجا اسرائیلی کے سیکوریٹی اہلکار مامور کئے گئے تھے۔
خاص بات یہ ہے کہ۲۷؍ویں شب کو ان پہروں اور پابندیوں کے باوجود بیت المقدس کے علاوہ فلسطین اور مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں کے لوگ بڑی تعداد میں عشاء اور تراویح کیلئے مسجد اقصیٰ پہنچے ۔ اس دوران عالمی سطح پر امن کیلئے بھی دعا ؤں کا اہتمام کیا گیا ۔
دریں اثناء حرمین شریفین اور مسجد اقصیٰ کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک میں پیر کو رمضان کی ۲۷؍ویں شب کی مناسبت سے خصوصی عبادات اور اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔ یادرہےکہ امسال بھی حسب روایت رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں `لیلۃ القدر کو تلاش کر نے کیلئے مساجد میں خصوصی اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے ۔