ایران اور سعودی عرب مئی کے دوسرے ہفتے میں اپنے اپنے سفارت خانے دوبارہ کھول لیں گے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ میں خلیج فارس کے امور کے ڈائریکٹر جنرل علی رضا عنایتی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاہدےکے مطابق ایران اور سعودی عرب ۹؍ مئی تک اپنے اپنے سفارت خانے دوبارہ کھول لیں گے جبکہ اس درمیان دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ ایک دوسرے سے ملاقات بھی کریں گے۔ انہوں نے سعودی عرب کے وفد کے حالیہ دوے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ایک وفد نے دورۂ ایران میں اپنے سفارتخانے کا جائزہ لیا اور یہ وفد بھی مشہد گیا جہاں اس نے قونصل خانے کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے ایرانی وفد کے دورۂ ریاض سے متعلق بتایا کہ گزشتہ ہفتے ایران کے دو وفود سعودی عرب پہنچےجن میں سے ایک وفد ریاض جبکہ دوسرے نے جدہ میں قیام کیا ۔ ان دونوں ہی وفود کا سعودی حکام نے خیر مقدم کیا۔
شاہ سلمان کو دورۂ ایران کی دعوت
ایران نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو اپنے ملک کے دورے کی باضابطہ طور پر دعوت دی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نےسعودی شاہ کو دعوت نامہ بھیجا ہے۔ خیال رہے کہ چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بحال کرنے کا معاہدہ مارچ میں طے پایا تھا۔
جی ۷؍ وزرائے خارجہ کا استقبال
جی۷؍ ممالک کے اعلیٰ سفارت کاروں نے منگل کو ایران اور سعودی عرب کی جانب سے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کے اقدامات کا خیرمقدم کیا۔جی ۷؍ وزرائے خارجہ نے ایک بیان میں کہا، ’’ہم ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے اور خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘‘