آر ٹی ای ( حق تعلیم) کے تحت اسکولوں میں ۲۵؍فیصد کو ٹہ میں غریب طلبہ کو داخلہ دینے کی غرض سے تعلیمی سال ۲۴-۲۰۲۳ء کیلئے قرعہ اندازی کا عمل بدھ کو پورا کیا گیا۔ پونے کے اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ٹریننگ(ایس سی ای آرٹی) کےہال میں محکمۂ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداران ، سرپرستوںاور نامہ نگاروں کی موجودگی میں پہلی لاٹری نکالی گئی۔ اس موقع پر ریاست کے پرنسپل سیکریٹری رنجیت سنگھ دیول اور ایجوکیشن کمشنر سورج مانڈھرے کے علاوہ ڈائریکٹر آف پرائمری ایجوکیشن شرد گوساوی، ڈائریکٹر ایجوکیشن یوجنا مہیش پالکر، ڈائریکٹر سیکنڈری ، ڈائریکٹر ایس سی ای آر ٹی اور دیگر تعلیمی افسران موجودتھے۔
یاد رہے کہ ہر سال حکومت کی جانب سے پرائیویٹ اسکولوں میں ۲۵؍ فیصد کوٹہ ایسے طلبہ کیلئے مختص رکھا جاتا ہے جن کے والدین تعلیم کے اخراجات برداشت نہیں کر پاتے۔ان طلبہ کی درخواست جمع ہونے کے بعد ان کے ناموں کی لاٹری نکالی جاتی ہے۔ بدھ کو پونے میں یہ عمل مکمل کر لیا گیا۔ اب اس آف لائن لاٹری کی تفصیلات متعلقہ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جائے گی۔ پھر جن اُمیدواروںکانام لاٹری میں آیاہےانہیں ۱۲؍ اپریل کےبعد ایس ایم ایس کےذریعے اطلاع دی جائے گی۔ ۱۳؍تا ۲۵؍اپریل کے دوران بچوںکے دستاویزات کی جانچ وغیرہ کی جائے گی۔ جن بچوں کےدستاویزات درست پائے جائیں گے انہیں ۳۰؍اپریل کےبعد اسکولوںمیںداخلہ دیاجائے گا۔
مذکورہ کوٹہ کےتحت ہونےوالے داخلے کی کارروائی کے رابطہ کار اور سپرنٹنڈنٹ نثار خان نے بتایاکہ ’’ لاٹری کا عمل کامیابی سے ہمکنار ہواہے۔ اب ان اُمیدواروںکو ۱۲؍اپریل کےبعد ایس ایم ایس کے ذریعے داخلے کی اطلاع دی جائے گی، جن کے نام لاٹری میں آئےہیں ۔ ۱۳؍ اپریل سےبچوںکے دستاویزات کی جانچ کی جائے گی۔ دستاویزات کی جانچ کے بعد جن بچوں کے دستاویزات درست ہوںگے انہیں ۳۰؍ اپریل کے بعد اسکول میں داخلہ دینے کاعمل شروع ہوگا۔
واضح رہےکہ ممبئی سمیت ریاست کے ۸؍ہزار ۸۲۸؍ اسکولیں ہیں جن میں آر ٹی ای کے تحت داخلے دیئے جائیں گے ،ان اسکولوں میں ایک لاکھ ایک ہزار ۹۶۹؍ سیٹوں کی گنجائش ہے جس کیلئے ۳؍لاکھ ۶۴؍ہزار ۳۹۰؍ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ان میں ممبئی کی ۳۳۷؍ اسکولوں کی ۶؍ہزار ۵۶۹؍ سیٹیں ہیں جن میں پری کے جی کی ۲۲۳؍اور اوّل جماعت کی ۶؍ہزار ۳۴۶؍سیٹیں مختص ہیں۔ ان کیلئے مجموعی طورپر ۱۸؍ہزار ۲۰۷؍ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ گزشتہ سال ان سیٹوں کیلئے۱۵؍ہزار ۵۰؍ درخواستیں موصول ہوئی تھیں ۔
مذکورہ لاٹری کےتعلق سے ۵؍اپریل کو جاری ہونےوالے سرکیولر میں یہ بھی اطلاع دی گئی ہے کہ جن بچوںکا نام لاٹری میں آیاہے ا ن کے والدین اور سرپرستوںکو ان کے موبائل نمبر پر ۱۲؍ اپریل کی دوپہر ۳؍بجے کےبعد ایس ایم ایس کیا جائے گا۔ بعدازیں ۱۳؍تا ۲۵؍اپریل کے درمیان ان کے بچوںکے دستاویزات کی جانچ کا عمل پورا ہونےکے بعد۳۰؍اپریل سے انہیں متعلقہ اسکولوںمیں داخلہ دیاجائے گا۔ یاد رہے کہ یہ اسکیم ۲۰۱۳ء سے جاری ہے۔