بیجنگ نے متحدہ چین کی پالیسی کی خلاف ورزی پر واشنگٹن کو جنگ کی دھمکی دی ہے۔ یاد رہے کہ بیجنگ متحدہ چین کی پالیسی کے تحت تائیوان کو اپنا حصہ مانتا ہے ، اس لئے وہ تائیوان کی علاحدہ حیثیت تسلیم کرنے والے کسی بھی اقدام کی مخالفت کرتا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر تائیوان انتظامیہ کی سربراہ ( تائیوان کی صدر) سے ملاقات کریں گے تو جنگ ہوگی۔
چین نے یہ دھمکی ایسے وقت میں دی جب تائیوان کی صدر سائی انگ وین امریکہ پہنچ چکی ہیں ۔ جمعرات کو انہوں نے اپنے نیویار ک میں استقبال کی تصویر ٹویٹ کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا ہےکہ تائیوان کا مقصد کسی کو مشتعل کرنا ہر گز نہیںہے۔ سائی انگ وین جلدہی وسطی امریکہ کے دورے کے موقع پر کیلیفورنیا اور نیویارک جائیں گی اور وہاں امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر سے ملاقات بھی کریں گی۔ اس دوران تائیوان کی صدر وسطی امریکی ممالک گوئٹے مالا اور بیلز کا دورہ کریں گی، دورے کا اختتام نیویارک اور کیلیفورنیا میں ہوگا لیکن خبر لکھے جانے تک ان کی امریکی اسپیکر سے ملاقات کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی لیکن چین کے تائیوان امور کے دفتر کی ترجمان چو فنگ اینگ نے الزام عائد کیا کہ تائیوانی صدر کی وسطی امریکی ممالک کے دورے میں نیویارک اور کیلیفورنیا کی ٹرانزٹ فلائٹ صرف ہوائی اڈے یا ہوٹل پر انتظار کیلئے نہیں ہے بلکہ امریکی حکام اور قانون سازوں سے ملاقات کیلئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدرسائی امریکی ایوان کے اسپیکر میک کارتھی سے ملاقات کرتی ہیں تو یہ ایک اور اشتعال انگیزی ہوگی جو ون چائنا پالیسی(متحدہ چین کے اصول) کی سنگین خلاف ورزی ہے اور چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچاتی ہے۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ اگر امریکی کانگریس کے اسپیکر میکار تھی کی تائیوان انتظامیہ کی سربراہ سائی انگ وین سے ملاقات ہوگئی تو یہ ایک چین کے اصول کی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔ چین کے اقتدار اعلیٰ اور علاقائی سلامتی کو نقصان پہنچانے والا ایک اور اشتعال انگیز اقدام ہوگا جس کی چین سختی سے مخالفت کرتا ہے بلکہ یقیناً جوابی اقدامات بھی کرےگا۔چین کی دھمکی پر تائیوان کی مسلح افواج نے کہا کہ وہ اپنی صدر کے بیرون ملک دورے نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کے دفاع کیلئے تیار ہے۔
ادھر وہائٹ ہا ؤس نے چین کے ردعمل کو ضروری اشتعال انگیزی بتایا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں چین کے حد سے زیادہ مشتعل ہونے کی کوئی وجہ نہیںہے۔