پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سربراہ عمران خان نے اپنے ملک کے وزیر داخلہ کو دہشت گرد قراردے دیا اور بزدل بھی کہہ دیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو عمران خان نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے صدر کاظم خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ،’’ رانا (ثنا ءاللہ) وزیر داخلہ سے زیادہ دہشت گرد ہے اور میری جان کی دھمکیاں دینے پر اس بزدل کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘‘
پی ٹی آئی کے سربراہ نے وزیر داخلہ کے حالیہ بیان ’ہم میں سے صرف ایک رہے گا‘، پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ بے معنی نہیں تھے۔عمران خان نے مزید کہا ،’’ رانا ثناء اللہ میرے سیاسی یا جسمانی خاتمے کیلئے راہ ہموار کر رہے ہیں کیونکہ وہ کلیدی کھلاڑی ہیں۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا ،’’ وزیر داخلہ ان ۳؍ کرداروں میں سے ایک ہیں، جو میری سیاسی اور جسمانی زندگی کے پیچھے پڑے ہیں، میں نے پہلے ہی وزیراعظم شہباز شریف اور انٹیلی جنس کے ایک اعلیٰ عہدے دار کا نام لیا تھا اور وزیر داخلہ تیسرے کردار کے طور پر شامل ہیں جو اب ذہنی طور پر عوام کو حالات کیلئے تیار کر رہے ہیں۔‘‘
بعد میں ایک ٹیلی ویژن خطاب میں پاکستان کےسابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ،’’اگر انتخابات۳۰؍ اپریل سے ایک دن کیلئے بھی ملتوی ہوتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ملک میں کوئی آئین یا قانون نہیں ہے اور ان کی پارٹی ایسے کسی بھی اقدام کی مزاحمت کرے گی۔‘‘
عمران خان نے یہ بھی کہا،’’ میں نے پی ٹی آئی کے امیدواروں سے کہا کہ وہ انتخابات کیلئے اپنی مہم جاری رکھیں، گویا ۳۰؍ اپریل کو انتخابات ہونے جارہے ہیں۔‘‘