حیدرآباد۔نیوزصدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ یکم جنوری 2024 کو تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آئے گی اور 10 برسوں تک ریاست میں اندراماں راج کے تحت ہر طبقہ کی بھلائی اور ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی نے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے 28 ویں دن آج نظام آباد رورل اسمبلی حلقہ کا احاطہ کیا۔ انہوں نے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کیلئے اراضیات کے حصول کے بعد معاوضہ سے محروم خاندانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر تمام متاثرہ خاندانوں کی اراضیات کا تحفظ کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے دلت طبقہ کے نمائندوں کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں سے ملاقات کی اور انہیں کانگریس برسراقتدار آنے پر فلاحی اسکیمات میں مناسب حصہ داری کا یقین دلایا۔ ریونت ریڈی کا نظام آباد رورل اسمبلی حلقہ میں روایتی بونال جلوس کے ذریعہ استقبال کیا گیا۔ شام میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے عوام سے عہد لیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کو برسراقتدار لائیں گے اور کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کریں گے۔ ریونت ریڈی نے ہزاروں کی تعداد میں موجود عوام سے ’’ بائے بائے کے سی آر ‘‘ کے نعرے لگائے اور کہا کہ تلنگانہ میں اندراماں راج کے ذریعہ ہی عوام کی فلاح و بہبود ممکن ہے۔ انہوں نے آر ٹی سی کے صدرنشین اور مقامی رکن اسمبلی باجی ریڈی گوردھن کو 50 آر ٹی سی ملازمین کا قاتل قرار دیا اور کہا کہ ہڑتال کے دوران فوت ہونے والے ان ورکرس کی موت پر گوردھن ریڈی کو جیل بھیجنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے9 برسوں میں تمام طبقات سے دھوکہ کیا ہے۔ مسلمانوں اور درج فہرست قبائیل کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ گھر گھر روزگار، کے جی تا پی جی مفت تعلیم، کسانوں کو ایک لاکھ روپئے تک قرض کی معافی اور غریبوں کو ڈبل بیڈ روم کا وعدہ پورا نہیں ہوا ۔ لہذا عوام کو چاہیئے کہ وہ بدعنوانیوں میں ملوث کے سی آر حکومت کو اقتدار سے بیدخل کریں۔ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچوں کے افشاء کا حوالہ دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نوٹیفکیشن کی آڑ میں بیروزگار نوجوانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ کانگریس برسراقتدار آتے ہی ایک سال میں 2 لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ غریبوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی۔ پکوان گیس سلینڈر 500 روپئے میں سربراہ کیا جائے گا۔ کسانوں کو 2 لاکھ روپئے قرض کی معافی کے علاوہ آروگیہ شری کے تحت 5 لاکھ روپئے تک کا مفت علاج کیا جائے گا۔ انہوں نے آبپاشی پراجکٹس میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ ہوا ہے۔ نظام آباد سے تعلق رکھنے والے وزیر پرشانت ریڈی نے شہیدان تلنگانہ کی یادگار کی تعمیر میں بھاری کمیشن حاصل کیا ہے۔ تلنگانہ تحریک کے دوران 1500 نوجوانوں نے جان کی قربانی دی لیکن کے سی آر نے ان کے خاندانوں کی کوئی مدد نہیں کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ گذشتہ آٹھ برسوں میں نظام آباد ضلع کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا۔ کانگریس قائدین سدرشن ریڈی، طاہر بن حمدان، مہیش کمار گوڑ اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔