نئی دہلی :سماج وادی پارٹی کے سربراہ و سابق چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے اپوزیشن قائدین کے خلاف مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کانگریس کے نقش قدم پر چل رہی ہے، تحقیقاتی ایجنسیوں کو “سیاسی چھاپے” مارنے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔ اکھلیش یادو نے آج انتباہ دیا کہ بی جے پی کا بھی وہی حشر ہوگا جو کانگریس کا ہوا ہے۔ .وہ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی اور بیٹے تیجسوی یادو کے خلاف زمین کے بدلے نوکری اسکام میں سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی جانچ پر شدید ردعمل کا اظہار کررہے تھے۔سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس جیسی مرکزی تحقیقاتی ایجنسیاں بی جے پی کے کہنے پر کام کر رہی ہیں۔ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا، “کانگریس، جب وہ اقتدار میں تھی، ای ڈی، سی بی آئی اور آئی ٹی کا استعمال کرتی تھی۔ ملک میں کئی سیاسی قائدین پر دھاوے کئے گئے۔بی جے پی اسی راستے پر چل کر کوئی نیا کام نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج کانگریس کو زمین دوز کر دیا گیا تو بی جے پی کا بھی وہی حشر ہو گا۔یادو نے مزید کہا کہ اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت “سچائی کے راستے پر نہیں ہے، اور بلڈوزر نے تشدد کا راستہ اپنالیا ہے “۔