سماج وادی پارٹی کے رہنما سوامی پرساد موریہ، جو رام چرت مانس پر اپنے تبصرے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی اور ہندو مذہبی رہنماؤں کے حملوں کی زد میں آئے تھے،ان کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے بیان سے ایک نئی زندگی ملی ہے۔ ذات پات کے نظام پر بھاگوت کے بیان کے بعد اب موریہ نے دھرماچاریوں کو چیلنج کیا ہے۔ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے بھی کہا ہے کہ وہ بتائیں کہ ذات پات کے حوالے سے حقیقت کیا ہے۔
لکھنؤ میں سوامی پرساد موریہ نے ایک بار پھر رام چرت مانس سے دلتوں، خواتین اور پسماندہ کے بارے میں لکھی گئی باتوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ شودر ہیں، اس لیے ان کا سرکاٹنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا، جب کہ بھاگوت کی باتوں پر لوگ خاموش ہیں۔ ایس پی لیڈر نے کہا کہ سنگھ سربراہ نے مذہب کے ان نام نہاد ٹھیکیداروں کو بے نقاب کیا ہے جو خواتین، قبائلیوں، دلتوں اور پسماندہ لوگوں کے ساتھ زیادتی کرتے ہیں۔ اب کم از کم رام چرت مانس سے قابل اعتراض تبصرہ کو ہٹانے کے لیے آگے آئیں۔