راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ارکان خانوادہ کا سرکاری اعزاز کیساتھ خیرمقدم l چومحلہ پیالس خلوت مبارک کو چیف منسٹر کے علاوہ متعدد شخصیتوں کی آمد
محمد محمود علی ، اسدالدین اویسی، رانی اندرا دھنراج و دیگر خراج پیش کرنے والوں میں شامل l سرکاری اعزازات کیساتھ تجہیز و تکفین پر شہزادی اسریٰ جاہ کا چیف منسٹر سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔آصف ثامن نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کا جسد خاکی آج حیدرآباد لایا گیا اور شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر آصف ثامن کے جسد خاکی کو جناب فیض خان ٹرسٹی نظام ٹرسٹ و مکرم جاہ ایجوکیشن اینڈ لرننگ ٹرسٹ کے علاوہ دیگر نے بہ چشم نم حاصل کیا اور مکمل سرکاری اعزازات و احترام کے ساتھ جسد خاکی کو چومحلہ پیالس خلوت مبارک منتقل کیا گیا ۔ آصف ثامن کے جسد خاکی کو خصوصی طیارہ کے ذریعہ حیدرآباد منتقل کیا گیا اور اس طیارے میں ان کے فرزند شہزادہ عظمت جاہ بہادر کے علاوہ دختر شہزادی شہکار جاہ موجود تھے۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر شہزادہ والا شان نواب میر عظمت علی خان عظمت جاہ بہادرکا مکمل اعزازات کے ساتھ خیر مقدم کیا گیا۔ مکرم جاہ بہادر کی میت کی آمد کے ساتھ ہی ائیر پورٹ پر موجود خانوادۂ آصفیہ کے متعلقین کی آنکھیں نم ہوگئیں۔ان کے جسد خاکی کو محکمہ پروٹوکول کے علاوہ پولیس کی گاڑیوں کی نگرانی میں بذریعہ ایمبولنس چومحلہ پیالس منتقل کیا گیا جہاں متعلقین خاندان آصفیہ کی کثیر تعداد موجود تھی جن میں مختلف خانوادوں بالخصوص پائیگاہ اور دیگر خانوادوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شامل تھیں۔ مکرم جاہ بہادر کے سانحۂ ارتحال کے بعد حکومت تلنگانہ کی جانب سے سرکاری اعزازات کے ساتھ ان کی تجہیز و تکفین کا عمل انجام دینے کا اعلان کیا گیا تھا اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مکرم جاہ بہادر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی تعلیمی و طبی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا تھا۔اِس دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چومحلہ پیالس پہنچ کر دربار ہال میں جہاں مکرم جاہ بہادر کے جسد خاکی کو رکھا گیا ہے ان کا آخری دیدار کیااور گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد شہزادی اسریٰ جاہ ‘ شہزادہ والاشان نواب میر عظمت جاہ بہادر ‘ شہزادی شہکار جاہ‘ شہزادی نیلوفر الف کے علاوہ دیگر سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء جناب محمد محمود علی ‘ مسٹر ویمولہ پرشانت ریڈی ‘ رکن راجیہ سبھا مسٹرجے سنتوش ‘ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان ‘ صدرنشین تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی جناب محمد سلیم ، صدرنشین اسپورٹس اتھاریٹی ای انجنیا گوڑ، ارکان اسمبلی بی سمن، جیون ریڈی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ جسد خاکی چومحلہ پیالس منتقل کرتے ہی ان کے آخری دیدار کے لئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ پہنچنے والوں میں بیرسٹر اسدالدین اویسی، مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ، مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم، شریمتی رانی اندرا دھنراج گیر جی ، شریمتی لکشمی دیوی راج، جناب ایم اے باسط سابق ڈی جی پی، جناب شفیق الزماں ، ڈاکٹر صفی اللہ، امجداللہ خان خالد و دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے شہزادی اسریٰ جاہ نے سرکاری اعزازات کے ساتھ تجہیز و تکفین کے فیصلہ پر اظہار تشکر کیا۔ جناب عبدالقیوم خان مشیر برائے ریاستی حکومت کے ہمراہ چومحلہ پیالس میں جناب محمد غوث نمائندہ کارپوریٹر ‘ جناب محمد مصطفی علی مظفر کارپوریٹر شاہ علی بنڈہ کے علاوہ دیگر مصروف دیکھے گئے۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ مسٹر انجنی کمار، کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر سی وی آنند کے علاوہ دیگر اعلیٰ پولیس عہدیداروں نے بھی آصف ثامن کو خراج عقیدت پیش کیا۔ میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کے جنازہ میں شرکت اور ان کے آخری دیدار کے لئے مختلف ممالک میں موجود ان کے رشتہ دار و احباب بڑی تعدادمیں شہر حیدرآباد پہونچ رہے ہیں۔ آصف ثامن کے برادر حقیقی نواب میر کرامت علی خان مفخم جاہ بہادر کے علاوہ مکرم جاہ بہادر کے فرزندان صاحبزادہ نواب میر عظمت جاہ بہادر‘ صاحبزادہ اعظم جاہ بہادر‘ شہزادی شہکار جاہ‘ شہزادی نیلوفر الف جاہ بھی شہر پہنچ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ خانوادہ ٔ آصفیہ سے تعلق رکھنے والی کئی اہم شخصیات ترکیہ ‘ لندن اور آسٹریلیا سے سربراہ خاندان و آصف ثامن کے جنازہ و تدفین میں شرکت کے لئے شہر پہنچ چکے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چومحلہ پیالس پہنچتے ہی بصد احترام ٹوپی پہن لی اور ان کے ہمراہ وزراء بھی ٹوپی پہنے ہوئے تھے ۔ شہزادہ عظمت علی خان عظمت جاہ بہادر سیاہ شیروانی زیب تن کئے ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ دیگر خانوادۂ نظام دکن کے افراد بھی سیاہ شیروانی میں ملبوس تھے۔
مکرم جاہ بہادر کا چومحلہ میں آج صبح 8 تا 1 بجے آخری دیدار
حیدرآباد۔آصف ثامن نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کے جسد خاکی کو دربار ہال چومحلہ پیالس میں عوام کے دیدار کے لئے رکھا گیا ہے اور 18 جنوری کو صبح 8بجے تا 1بجے عوام ان کا آخری دیدار کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرسکتے ہیں۔ مکرم جاہ بہادر کا جلوس جنازہ 2 بجے چومحلہ پیالس سے شروع ہوگا جہاں سے پنچ محلہ سے گذرتے ہوئے تاریخی مکہ مسجد پہنچے گا۔ مکہ مسجد میں بعد نماز عصر آصف ثامن کی صلواۃ الجنازہ ادا کی جائے گی اور بعد ازاں مسجد کے صحن میں موجود سلاطین آصفیہ کے مقبروں میں انہیں سپرد لحد کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے سرکاری اعزازات کے ساتھ تجہیز و تکفین کے اعلان کے بعد کہا جا رہاہے کہ جلوس جنازہ کی روانگی سے قبل چومحلہ پیالس میں پولیس کے خصوصی دستہ کی جانب سے سلامی دی جائے گی جو کہ تعز یتی دھن کے ذریعہ ہوگی۔ بعد ازاں تجہیز و تکفین کا عمل مکمل کئے جانے کے بعد مکہ مسجد کے صحن میں محکمہ پولیس کے خصوصی دستہ کی جانب سے بندوق کی سلامی دی جائے گی ۔ بعد نماز عصر نماز جنازہ ‘ تدفین ‘ فاتحہ خوانی و دیگر امور کی انجام دہی کے لئے اوقاف کمیٹی ایچ ای ایچ ٹرسٹ کی جانب سے مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ جناب محمد عبدالقدیر صدیقی مہتمم مکہ مسجد نے بتایا کہ آصف ثامن کی نماز جنازہ اور تجہیز و تکفین کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔