یک روزہ دورہ پر بہار آئے شیو سینا لیڈر اور مہاراشٹر کے سابق وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے بدھ کو نہ صرف اپنے پروگرام کے مطابق بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو سے ملاقات کی بلکہ غیر متوقع طور پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے بھی ملنے پہنچ گئے جس پر نتیش نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ ۲۰۲۴ءکے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے لئے حزب مخالف پارٹیوں کو متحد کرنے کے ایک قدم کی شکل میں اس ملاقات کو دیکھا جارہا ہے۔ اس دوران کچھ اہم سیاسی ایشوز پر تبادلہ خیال ہوا جس میں اپوزیشن کا اتحاد سب سے اہم موضوع رہا ۔ اس کے علاوہ ملک میں بڑھتی بے روزگاری پر بھی گفتگو ہوئی ۔
تیجسوی یادو سے ملاقات کے دوران آدتیہ ٹھاکرے کے ساتھ پارٹی سیکریٹری انل دیسائی اور رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی بھی موجود تھیں۔ آدتیہ نے تیجسوی سے ملاقات کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ ان سے پہلی مرتبہ مل رہے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ دونوں کے خیالات ایک ہیں۔ آدتیہ نے کہا کہ تیجسوی یادو میرے ہم عمر ہیں۔ ہم ہمیشہ فون پرگفتگو کرتے رہے ہیں۔ جب ہم حکومت میں تھے تب بھی ان سے بات ہوتی تھی۔ جب وہ اپوزیشن میں تھے، تب بھی ہماری بات چیت جاری تھی لیکن آج ہم پہلی بار ملے ہیں مگر یہ تعلق کافی مضبوط اور پرانا محسوس ہو رہا ہے۔ تیجسوی نے بھی آدتیہ سے ملاقات میں کافی گرمجوشی کا مظاہرہ کیا اور انہیں اپنے والد لالو یادو کی سوانح پر مبنی کتاب تحفے میں دی۔
اس ملاقات کے بعد آدتیہ غیر متوقع طور پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملنے پہنچے ۔ ان کی یہ ملاقات تیجسوی نے ہی ممکن کروائی ۔ نتیش نے نہ صرف آدتیہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا بلکہ خوشگوار حیرت کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاست میں ایک دوسرے کے ساتھ بھی رہے ہیں اور ایک دوسرے کے مخالف بھی لیکن جب ملتے ہیں تو اسی طرح گرمجوشی سے ملتے ہیں۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دونوں ملاقاتوں کے دوران اہم امور پر گفتگو ہوئی جن میں بی ایم سی الیکشن میں باشندگان بہار کی حمایت حاصل کرنے کا موضوع بھی شامل تھا لیکن اس کی تفصیل سامنے نہیں آسکی ۔