مرکز اور ریاستی حکومت کے درمیان جاری رسہ کشی کے درمیان مرکزی ایجنسی ای ڈی کے ہاتھ ادھو ٹھاکرے کی فیملی تک پہنچ گئے ہیں۔ منگل کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے پشپک گروپ آف کمپنیز، جس سے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے برادر نسبتی شریدھر مادھوپاٹنکر بھی وابستہ ہیں،کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت درج کردہ کیس کی تفتیش میں پیش رفت کرتے ہوئے شریدھر مادھو کی ۶؍ کروڑ ۴۵؍ لاکھ روپے کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادوں کو قرق کرلیا ہے ۔ای ڈی نے ایم ایس پشک بلین جو پشک گروپ آف کمپنیز کا حصہ ہے ، کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت درج کردہ کیس میں کارروائی کرتے ہوئے تھانے کا نیلمبری پروجیکٹ جو ادھو ٹھاکرے کی اہلیہ رشمی ٹھاکرے کے بھائی شریدھر مادھو پاٹنکر کی ملکیت ہے ، اس کمپنی کے نام سے خریدے گئے ۱۱؍ فلیٹوں سمیت کل ۶؍ کروڑ ۴۵؍ لاکھ مالیت کی جائیدادوں کو قرق کر لیا ہے ۔ای ڈی نے یہ کارروائی حال ہی میں انکم ٹیکس کے ذریعہ مارے گئے چھاپوں سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے بعد کی ہے ۔یاد رہے کہ انکم ٹیکس نے گزشتہ ہفتہ ادھو ٹھاکرے کے بیٹے اور کابینی وزیر آدتیہ ٹھاکرے اور وزیر ٹرانسپورٹ انل پرب کے قریبی افسران کے خلاف ممبئی اور پونے میںچھاپہ مارا تھا ۔
ای ڈی نے اس کارروائی سے قبل بھی پشپک گروپ آف کمپنی کے خلاف کارروائی کر چکی ہے ۔ اس سے قبل ای ڈی نے۵؍ سال قبل ۶؍ مارچ ۲۰۱۷ءکو پشپک بلین اور اس کی ذیلی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے منقولہ اور غیر منقولہ ۲۱؍ کروڑ روپے کی جائیداد کو قرق کیا تھا ۔یہ بھی یاد رہے کہ یہ جائیداد مہیش پٹیل ، چندر کانت پٹیل اور ان کے اہل خانہ کی تھی۔ جانچ میں یہ بھی معلوم ہوا تھا کہ مہیش پٹیل نے نند کشور چتر ویدی سے ڈیل کرتے ہوئے پشپک کیذیلی کمپنیوں میں سے ایک پشپک ریالٹی کی جائیداد میں گھوٹالہ کیا تھا ۔