پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آچکے ہیں۔ ۴؍ میں بی جے پی جبکہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی نے فتح حاصل کی ہے۔ اب ان تمام ریاستوں میں حکومت سازی کا آئینی عمل شروع کردیا گیا ہے۔ یوپی میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنی حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد گورنر آنندی بین پٹیل کو استعفیٰ سونپ دیا ہے۔ پنجاب میں بھی وزیر اعلیٰ چنّی نے الیکشن میں ملی ہار کے بعدگورنر کو استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ اتراکھنڈ میں پشکر سنگھ دھامی جو اپنا الیکشن ہار گئے ہیں، نے گورنر کو استعفیٰ سونپ دیا۔ گوا اور منی پور میں بھی وہاں کے وزرائے اعلیٰ حکومت سازی کی تیاریاں کررہے ہیں۔
یوپی میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع
اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد جمعہ کو نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اس کا باقاعدہ آغاز وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں موجودہ حکومت کی کابینہ کی آخری میٹنگ سے ہوا۔ میٹنگ کے بعد یوگی شام کو راج بھون گئے اور گورنر آنندی بین سے ملاقات کی اور حکومت کی مدت پوری ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔قبل ازیں کابینہ کی میٹنگ میں اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو زبردست عوامی حمایت ملنے پر ووٹروں کے تئیں اظہار تشکر کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق انتخابات کے دوران قیادت اور رہنمائی فراہم کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔ میٹنگ میں منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ ریاست کے عوام نے نہ صرف بی جے پی کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اسے زبردست اکثریت دے کر ریاست میں حکومت سازی کی راہ ہموار کی ہے۔ واضح رہے کہ یوپی میں یوگی آدتیہ ناتھ ہولی سے قبل کبھی بھی حلف لے سکتے ہیں۔ اس کے لئے تیاریاں جاری ہیں ۔ ممکنہ طور پر وہ ۱۷؍ مارچ کو حلف لیں گے ۔ اس تقریب میں وزیر اعظم مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور پارٹی صدر جے پی نڈا بطور خاص شرکت کریں گے ۔
چنّی نے استعفیٰ دیا، اسمبلی تحلیل
پنجاب کے گورنر بنواری لال پروہت نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ریاست کی پندرہویں پنجاب اسمبلی تحلیل کردی اور اس کے ساتھ ہی ۱۶؍ویں اسمبلی کے قیام کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔اس سے پہلے وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی کی صدارت میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں گورنر سے اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی تھی ۔ اس سے قبل چنّی نے گورنر سے ملاقات کرکے اپنا استعفیٰ انہیں سونپ دیاتھا ۔
بھگونت مان ۱۶؍ مارچ کو حلف لیں گے
عام آدمی پارٹی سے وزارت اعلیٰ کے امیدوار بھگونت مان جن کی قیادت میں پنجاب میں پارٹی نے شاندار کامیاب حاصل کی ہے ، ۱۶؍ مارچ کو حلف لیں گے ۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنا حلف راج بھون میں نہیں بلکہ شہید اعظم سردار بھگت سنگھ کے گائوں کھٹکر کلاں (ضلع شہید بھگت سنگھ نگر ) میں لیں گے ۔ اس سے قبل انہیں پارٹی کے قانون ساز اراکین کی میٹنگ میں پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے تمام ایم ایل اے اپنے اپنے حلقوں میں ہی رہیں گے ، وہیں سے کام کریں گے اور ترقی کے تمام فائدہ ہر ووٹر کو پہنچانے کی کوشش کریں گے ۔
پشکر سنگھ دھامی نے بھی استعفیٰ دیا
اتراکھنڈ میں بی جے پی دوبارہ اقتدار میں توآگئی ہے لیکن وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی الیکشن ہار گئے۔ بہر حال انہو ں نے اپنا استعفیٰ گورنر کو سونپ دیا ہے جس کے بعد اتراکھنڈ میں بھی حکومت سازی کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ یہاں وزیر اعلیٰ کون ہو گا اس پر فی الحال کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔
گوا اور منی پور میں بھی تیاریاں
گوا میں حلف برداری کی تیاریاں زوروں پر ہیں کیوں کہ یہاں پر ممکنہ طور پر حکومت پیر کو حلف لے سکتی ہے۔ یہاں جلد حلف لینے کی وجہ یہی بیان کی جارہی ہے کہ بی جے پی کو بھی کہیں نہ کہیں اراکین کے ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔ ادھر منی پور کے تعلق سے اب تک واضح نہیں کیا گیا ہے کہ وہاں کب حلف برداری ہو گی لیکن وہاں تیاریاں ہو رہی ہیں۔