روس نے یوکرین سے شہریوں کے محفوظ انخلاء کیلئے انسانی راہداری بنانے کے لئے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ روسی حکام نے منگل کے روز کہا کہ روس یوکرین میں اپنی کارروائیوں کو روک رہا ہے تاکہ لوگوں کو، شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے ایک انسانی راہداری بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ روس غیر ملکی سفارت خانوں کی مسلسل اپیلوں کے ساتھ ساتھ تقریباً تمام بستیوں سے یوکرینی شہریوں کے انخلاء کی درخواست کے پیش نظر ایک انسانی راہداری بنانے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ جنگ بندی کا انحصار یوکرین کے رویے پر ہوگا۔ روس نے یوکرین پر اپنے ہی لوگوں اور غیر ملکی شہریوں کو مختلف شہروں سے باہر جانے سے روکنے کا الزام بھی لگایا ہے۔ روس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ یوکرینی مدد یا شراکت داری کے بغیر خصوصی فوجی آپریشن کے علاقوں سے ۴۴؍ ہزار ۱۸۷؍بچوں سمیت ایک لاکھ ۷۳؍ ہزار ۷۷۳؍ افراد کو محفوظ نکالنے میں کامیاب رہا ہے۔
خارکیف میں ایک اور روسی جنرل ہلاک: یوکرین
یوکرین کی خفیہ ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ خارکیف میں لڑائی کے دوران ایک روسی جنرل مارا گیا ہے۔ دی گارجین نے یوکرین کی وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ۴۱؍ویں آرمی چیف آف اسٹاف میجر جنرل ویتالی گیراسیموف پیر کو دیگر سینئر افسران کے ساتھ مشرقی یوکرین کے شہر خارکیف کے باہر لڑائی میں مارے گئے۔ اس سے قبل روسی میڈیا نے ڈپٹی کمانڈر میجر جنرل آندرے سکھوٹسکی کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے مطابق ۲۴؍ فروری کو روسی حملے کے بعد سے یوکرین میں ۳۶۴؍ شہری مارے جا چکے ہیں۔ اس دوران۱۵؍ لاکھ سے زائد مہاجرین ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔
امریکہ کا یوکرین پر نوفلائی زون لاگو کرنےسے انکار
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ روس میں فوج نہیں بھیج رہی اور نہ ہی یوکرین پر نو فلائی زون لاگو کر رہی ہے کیونکہ ایسا کرنے سے ایٹمی طاقت کے ساتھ براہ راست تصادم ہو سکتا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارہ کی رپورٹ کے مطابق مختلف امریکی ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے انٹونی بلنکن نے وضاحت کی کہ نو فلائی زون کیلئے امریکہ کو اسے سختی سے نافذ کرنے کی ضرورت ہوگی، جس میں یوکرین کے اوپر سے پرواز کرنے والے روسی طیاروں کو مار گرانا شامل ہو سکتا ہے۔ این بی سی میٹ دی پریس پروگرام کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن ایک چیز کے بارے میں بہت واضح رہے ہیں، وہ یہ کہ ہم امریکہ کو روس کے ساتھ براہ راست تنازع میں ڈالنے کا ارادہ نہیں رکھتے اور نہ ہی ہم نے ایسا کیا کہ یوکرین میں امریکی فوجی یا طیارے روسی طیاروں کے خلاف لڑ رہے ہوں۔ گزشتہ ہفتے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے نیٹو سے مطالبہ کیا کہ وہ روسی فوجی طیاروں کے خطرے سے نمٹنے کیلئے اپنے ملک پر نو فلائی زون نافذ کرے۔ امریکہ میں بھی متعدد قانون سازوں نے جوبائیڈن انتظامیہ سے یوکرین پر نو فلائی زون نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم نیٹو لیڈران نے واضح کیا کہ ان کا ایسا کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ اس سے روس کے ساتھ بڑے پیمانے پر جنگ چھڑ سکتی ہے۔
جاپان کا روس اور بیلاروس کیخلاف پابندیوں کا اعلان
ٹوکیو، (ایجنسی): جاپان کی وزارت خارجہ نے یوکرین میں روسی فوجی کارروائی کے جواب میں روس اور بیلاروس کے خلاف تیسری پابندیوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ نئی پابندیوں کی فہرست میں۲۰؍ روسی اور۱۲؍ بیلاروسی شہریوں کے ساتھ ساتھ ۲؍ روسی اور۱۲؍ بیلاروسی تنظیموں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بیلاروسی وزارت دفاع بشمول مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کی برآمدات پر بھی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔
یوروپی ممالک میں روسی سفارتی مشنز پر حملے
آئرش پولیس نے بتایا ہے کہ پیر کو دارالحکومت ڈبلن میں روسی سفارتخانے کے دروازہ سے ٹرک کے ٹکرا جانے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل جمعہ کے روز، ایک کیتھولک پادری نے قومی ریڈیو پر انٹرویو کے دوران سفارتخانے کے گیٹ پر سرخ پینٹ پھینک دیا تھا۔ دوسری جانب آئرلینڈ کےاپوزیشن لیڈران نے وزیر اعظم مائیکل مارٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین پر حملے کی وجہ سے روسی سفیر کو ملک بدر کردیں۔