ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ بیرسٹر انتولے نے کوکن کی ترقی کے لیے رائے گڑھ ضلع سےگزرنے والی ریوس تا سندھو درگ اور یہاں سے ہوتے ہوئےگوا کے ریڈی تک سمندری شاہراہ تیارکرنے کا فیصلہ کیا تھا۔بیرسٹر انتولے کا خواب اب پورا ہونےجارہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی قابل قیادت میں مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے اس سمندری شاہراہ پروجیکٹ کو خصوصی اہمیت دیتےہوئےاسے مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ سمندری شاہراہ کوکن کی سیاحت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔اس طویل سمندری شاہراہ سےخطہ کوکن کے۹۳؍ سیاحتی مقامات جوڑےجائیں گے ۔ سمندری شاہراہ پر کئی ساحلی پلوں کی تعمیرکی جائے گی جس کے سروے کاکام شروع کیا جا چکاہے۔ا س پروجیکٹ کے تعلق سے کاموں کے ٹینڈر بھی جاری کئے جاچکےہیں۔
اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق رائے گڑھ ضلع کی نگراں وزیر ادیتی تٹکرے نے ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے درخواست کی کہ وہ اس پروجیکٹ کو اپنے دفترمیں قائم پروجیکٹ مانیٹرنگ یونٹ میں شامل کریں تاکہ شاہراہ کا کام وقت پرمکمل ہوسکے۔واضح رہےکہ اس یونٹ کی میٹنگوں میںپروجیکٹ کی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جا تا ہے۔حکومت مہاراشٹر نے اس پروجیکٹ کو وقت پر مکمل کرنے کیلئےمہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کے تحت ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔یہ سمندری شاہراہ مختلف مراحل میں مکمل کیاجائے گا۔پہلے مرحلے میں رائےگڑھ ضلع میں واقع ریوس کارنجہ کھاڑی پل کی تعمیر ہوگی اس کے بعد بانکوٹ کھاڑی پل کانامکمل کام مکمل کیا جائےگا۔رتناگیری ضلع کےداپولی میں واقع کیلشی کھاڑی پرپل کی تعمیر کی جائے گی۔مجوزہ پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے داپولی کے علاقے میں راستوں کو وسیع کرنےکیلئےدرکار اراضی کے حصول کا کام مکمل کیا جائےگا۔دوسرے مرحلے میں بقیہ پلوں کی تعمیر کا کام مکمل کیاجائے گا۔حکومت نے حال ہی میںمتعلقہ محکموںکو ان کاموں کو مرحلہ وار مکمل کرنے کی منظوری دی ہے۔رائے گڑھ کی نگراں وزیر ادیتی تٹکرے اور رائے گڑھ-رتناگیری لوک سبھا حلقہ کے رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے کی کوششوں سے ہی اس پروجیکٹ کو منظوری ملی ہے۔ اس معاملے میں نگراں وزیرنےایک بیان میں کہا کہ اس پروجیکٹ کی مرحلہ وارتکمیل کیلئےوزیر برائےتعمیرات عا مہ ایکناتھ شندےکی رہنمائی میں مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے رائے گڑھ ضلع میں کارنجہ تا ریوس کے پل کی تعمیر کے لیے۸۵۰؍کروڑ روپے کاٹینڈرنکالا ہے۔رائے گڑھ ضلع کی نگراں وزیر ادیتی تٹکرے نے امیدظاہرکی ہےکہ مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے حکومت مہاراشٹر کے اشتراک سے مرحلہ وار کام کیےجانے کی وجہ سے اس پروجیکٹ کے تعمیراتی کام میں تیزی آئی ہے۔