کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ۲۰۱۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں ۲؍ کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا کیا گیا وعدہ بی جے پی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد کی حکومت نے ابھی تک پورا نہیں کیا ہے۔ یہ باتیں جمعہ کوجگدیش پور اسمبلی حلقہ کے تھوری گاؤں میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا ہے، یہی وجہ ہےکہ موجودہ اسمبلی انتخابات میں وزیر اعظم اپنے جلسوں میں نوجوانوں کے روزگار کی بات نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی آمدنی دگنی کرنے کے بجائے نریندر مودی جی تین کالے قانون لے کر لائے تھے لیکن ان کی سازش ناکام ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی کانگریس کی حکومتیں ہیں، عوام سے کئے گئے وعدے پورے ہوئے ہیں۔ کسانوں کے قرضے بھی معاف کئے گئے ہیں۔یہ الزام لگاتے ہوئے کہ سرکاری اداروں کو نجی ہاتھوں میں بیچ دیا گیا، کانگریس لیڈر نے کہاکہ بی جے پی حکومت بڑے صنعت کاروں کے مفاد میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ملک کے لوگ بخوبی جانتےہیں کہ بڑے بڑے ارب پتی نوجوانوں کو نوکریاں نہیں دیتے بلکہ کسان اور متوسط طبقے کے لوگ روزگار فراہم کرتے ہیں لیکن نریندر مودی نے نوکریاں دینے والوں کو ہی ختم کردیاہے۔ ہندوستان کے نوجوانوں کو آنے والے دنوں میں روزگار نہیں ملے گا۔ آپ بچوں کو جتنا بھی پڑھا دیں آپ کو روزگار نہیں ملے گا کیونکہ متوسط طبقے کے لوگ جنہیں روزگار کی ریڑھ کی ہڈی کہا جاتا ہے، ایک سازش کے تحت ختم کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روزگار پیدا کرنے کا ٹکٹ آپ کے ہاتھ میں ہے۔ جب آپ پولنگ بوتھ پر جاتے ہیں اور بٹن دباتے ہیں، تو یہی روزگار کا ٹکٹ ہے۔ آپ لوگ ذات پات چھوڑ کر اپنے مستقبل کیلئے ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں، چھوٹے تاجروں اور متوسط طبقے کے تاجروں کی مدد کی جائے گی، تبھی روزگار پیدا ہوگا۔پیٹرو ل مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی بازار میں گرتی ہوئی قیمتوں کے باوجود این ڈی اے حکومت کے دور میں ڈیزل اورپیٹرول کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ جب تک اتر پردیش روزگار پیدا نہیں کرے گا، اتر پردیش ترقی نہیں کرے گا۔ انتخابی جلسے میں راہل گاندھی نے اپنی بہن اور پارٹی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کے ساتھ جگدیش پور اسمبلی حلقہ کے امیدوار وجے پاسی کیلئے ووٹ مانگے۔ اس علاقے میں بی جے پی نے ریاستی وزیر سریش پاسی کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ سماج وادی پارٹی نے وملیش سروج کو ٹکٹ دیا ہے۔امیٹھی میں جگدیش پور ریزرو سیٹ کانگریس کا گڑھ رہا ہے۔ پچھلے انتخابات کو چھوڑ کر جگدیش پور اسمبلی سیٹ پر تقریباً تین دہائیوں سے کانگریس ہی کا قبضہ رہا ہے۔ رام سیوک دھوبی اس سیٹ سے نو بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ ان کی موت کے بعد رادھے شیام دھوبی نے یہاں سے الیکشن جیتا تھا۔