اترپردیش اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے میں۱۲؍اضلاع کی۶۱؍اسمبلی سیٹوں پر جمعہ کی شام ۶؍ بجے انتخابی مہم ختم ہوجائے گی۔ریاست کے چیف الیکشن افسر اجئے کمار شکلا نے جمعرات کو بتایا کہ پانچویں مرحلے میں ریاست کے۱۲؍اضلاع کی۶۱؍اسمبلی سیٹوں کیلئے صبح۷؍ سے شام ۶؍بجے تک ووٹنگ کا وقت مقررہے۔ پانچویں مرحلے کے۱۲؍ اضلاع امیٹھی، رائے بریلی، سلطانپور، چترکوٹ، پرتاپ گڑھ، کوشامبی، پریاگ راج، بارہ بنکی، اجودھیا، بہرائچ، شراوستی اور گونڈہ کے ۶۱؍اسمبلی حلقو ں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔
پانچویں مرحلے کی۶۱؍سیٹوں پر کل۶۹۲؍امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ پرتاپ پور اسمبلی حلقے سے سب سے زیادہ۲۵؍جبکہ ملکی، پیاگ پور، بارہ بنکی، زید پور، حیدرگڑھ، صدر اور کادی پور سیٹوں پر سب سے کم سات سات امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔سابقہ چار مراحل کے انتخابات میں مغربی اترپردیش اور بندیل کھنڈ سمیت دیگر علاقوں کی۲۳۱؍سیٹوں پر ووٹنگ کے بعد انتخابی عمل اب اترپردیش کے اودھ اور پوروانچل خطے میں داخل ہوچکا ہے۔حکمراں جماعت بی جے پی کو مین اپوزیشن سماج وادی پارٹی(ایس پی) سے سابقہ مراحل میں سخت چیلنج ملنے کے بعد اودھ اور پوروانچل خطے میں بی جے پی سبقت کی توقع کررہی ہے۔بی جے پی نے اپنی انتخابی مہم میں اگلے تین مراحل کے الیکشن میں اپوزیشن پر سبقت حاصل کرنے کے لئے ایڑی چوڑی کا زور لگادیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی،وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، بی جے پی صدر جے پی نڈا اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں کی ان علاقوں میں طوفان انتخابی مہم جاری ہے۔ اس کے علاوہ ایس پی صدر اکھلیش یادو، بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)سپریمو مایاوتی اور کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا بھی پواروانچل خطے میں پارٹی کی حمایت میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کررہی ہیں۔انتخابی مہم کے آخری دن پریاگ راج، کوشامبی اور امبیڈکر نگر میں شاہ کی عوامی ریلیاں ہونگی جبکہ یوگی سلطانپور، چترکوٹ اور پریاگ راج میں انتخابی مہم میں شرکت کریں گے۔ پرینکا گاندھی امیٹھی میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ پانچویں مرحلے میں کانگریس کو بھی اپنے روایتی حلقے امیٹھی اور رائے بریلی میں سخت پسینہ بہانا پڑا ہے۔
کانگریس کا قلعہ رہے اس علاقے میں بی جے پی نے گزشتہ الیکشن میں زبردست نقب زنی کر کے ملک کی سب سے پرانی پارٹی کے قلعہ کو منہدم کردیا تھا۔ کانگریس کے لئے یہ الیکشن اپنا قلعہ بچانے کا فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوگا۔پانچویں مرحلے میں ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ سمیت کچھ ۶؍ وزراء کا بھی امتحان ہے۔ نائب وزیر اعلی کیشوپرساد موریہ کوشامبی کے سراتھو سے انتخابی میدان میں ہیں جبکہ یوگی حکومت میں کابینی وزیر راجندر پرساد سنگھ عرف موتی سنگھ پٹی سیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں۔ کابینی وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ الٰہ آباد (مغرب) سےبی جے پی کے امیدوار ہیں۔ یوگی کابینہ کے ایک اور وزیر نند گوپال نندی الہ آباد جنوب سے،سماج فلاح وبہبود کے وزیر رما پتی شاستری منکا پور(محفوظ)سیٹ سے وزیر مملکت چندرکا پرساد اپادھیائے چترکوٹ صدر سے الیکشن لڑرہے ہیں۔