گزشتہ ۴؍ ماہ سے مرکزی ایجنسیوں کے خلاف مسلسل آواز بلند کررہے اور ان کی بدعنوانیوں کو بے نقاب کررہے ریاست کے معروف سیاستداں ،اقلیتی امور کے وزیر اور این سی پی کے سینئر لیڈر نواب ملک کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے انڈر ورلڈ سے تعلقات کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ اس گرفتاری سے ریاست کے سیاسی گلیاروں،این سی پی کے سیاستدانوں اوررضا کاروں میں ہنگامہ برپا ہو گیا ہے ۔
ای ڈی نے کیا کیا ؟ ای ڈی صبح ساڑھے ۵؍ بجے نواب ملک کے گھر جادھمکی۔ اس کے ساتھ سینٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس ( سی آئی ایس ایف )کا دستہ بھی تھا جس سے ظاہر ہو رہا تھا کہ ای ڈی کا ارادہ کیا ہے۔ پہلے نے ای ڈی نے نواب ملک سے کرلا ایل بی ایس مارگ پر واقع ان کی رہائش گاہ پر کچھ گھنٹے پوچھ تاچھ کی ۔ رہائش گاہ پر ایجنسی نے نواب ملک سے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے تعلق ہونے اور اس کے قریبی ساتھیوں سے زمین کا سودا کرنے سے متعلق ایک سے ڈیڑھ گھنٹے پوچھ تاچھ کی اور پھر انہیں۷؍ بجکر۴۵؍ منٹ پر حراست میں لیتے ہوئے بیلارڈ پیئر پر واقع اپنے دفتر لے گئی ۔ یہاں ان سے تقریباً ۸؍ گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی گئی اور پھر گرفتار کرلیا گیا۔
این سی پی کارکنان ای ڈی دفتر پہنچ گئے۔ نواب ملک کو حراست میں لئے جانے کی خبر ملتے ہی ذرائع ابلاغ کے ساتھ ساتھ بیلارڈ پیئرمیںای ڈی کے دفتر کے قریب واقع این سی پی آفس اور ایجنسی کے دفتر کے اطراف پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی ۔ ا سی درمیان ای ڈی نے سی آر پی ایف کو طلب کرکے دفتر کے اطراف سخت پہرہ لگا دیا تھا ۔ایک طرف ایجنسی کے دفتر کے باہر پارٹی کاکارکنان مرکزی ایجنسیوں کے خلاف نعرے لگارہے تھے اور’’ نواب ملک ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘کی صدا بلند کررہے تھے تو دوسری طرف ایجنسی کے افسران نواب ملک سے پوچھ تاچھ کرتے رہے جبکہ دوپہر ۲ بجکر ۴۵؍ منٹ پر ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل نیرج کمار نے ان کی گرفتاری کا اعلان کردیا۔
’’ہم ڈریں گے نہیں ، لڑیں گے‘‘ ای ڈی نے انتہائی ڈرامائی انداز میں گرفتاری کے سنسنی خیز عمل کو پورا کرتے ہوئے پہلے انہیں جب طبی جانچ کے لئے جے جے اسپتال لے جانے کے لئے دفتر سے اتارا تو باہر آتے وقت نواب ملک نے مٹھی بھینچ کر اپنا ہاتھ فاتحانہ انداز میں لہرایا اورپھر مسکراتے ہوئے زینہ اترنے کے بعد اپنے حامیوں کو ہاتھ ہلاکر ان کی حمایت کا جواب دیا ۔ اسی درمیان گاڑی میں بٹھاتے وقت ذرائع ابلاغ کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ’’ ہم ڈریں گے نہیں ، لڑیں گے اور جیتیں گے اورسچائی کو سامنے لائیں گے ۔‘‘ نواب ملک نے یہ جملہ کئی بار دہرایا۔ ادھرایجنسی نے نواب ملک کو پہلے جے جے اسپتال لا کر ان کی طبی جانچ کی اور پھر انہیں پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت کے جج راہل روکڑے کے روبروحاضر کیا ۔
عدالت میں کیا ہوا ؟
دوران سماعت خصوصی جج نے جب نواب ملک سے ایجنسی کی جانب سےبد تمیزی سے متعلق استفسار کیا تو نواب ملک نے کہا کہ ’’ ایجنسی نہ صرف جبراً میرے گھر میں داخل ہوئی تھی بلکہ مجھے زبردستی اپنے آفس لے گئی اور کئی گھنٹے تک پوچھ تاچھ کے بعد ایک دستاویز پر دستخط لئے اوربتایا کہ یہ میرے نام سے جاری کیا گیا سمن تھا ۔‘‘ نواب ملک کی پیروی کے لئے امیت دیسائی کورٹ میں حاضر ہوئے تھے جبکہ ای ڈی کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل انل سنگھ نے کورٹ کو بتایا کہ ’’ منی لانڈرنگ کے تحت درج کردہ کیس کے سلسلہ میں ایجنسی صبح ۶؍ بجے نواب ملک کے گھر پہنچی تھی اور سرچ آپریشن کے دوران جو پنچ نامہ کیا گیا تھا اس میں انہیں کوئی قابل اعتراض دستاویزات نہیں ملے تھے ۔ ایجنسی انہیںحراست میں لے کر کئی گھنٹے تک پوچھ تاچھ کرنے کے بعد اس نتیجہ پر پہنچی کہ انہیں گرفتار کرکے پوچھ تاچھ کی جانی چاہئے اس لئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے نواب ملک کو گرفتار کیا ہے ۔۵؍ گھنٹے تک جاری بحث کے بعد کورٹ نے ۳؍ مارچ تک نواب ملک کو ای ڈی کی تحویل میں بھیجنے کا حکم سنایا ۔
این سی پی سربراہ شرد پوار سخت برہم این سی پی کے سربراہ شرد پوارنے اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر نواب ملک کی گرفتاری پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ سچ کہنے اورکھل کربات کرنے والوں کو ہراساں کیا جارہا ہے اورایسے لوگوں کے خلاف سسٹم کا غلط استعمال ہورہا ہے۔مرکزی حکومت اپنے اختیارات اور تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن کو ہراساں اورپریشان کررہی ہے۔ یہ حرکتیں کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کی جائیں گی۔ شرد پوار نے یہ بھی کہا کہ ’’ نواب ملک کھل کرمرکزکے خلاف بولتے تھے ،اسی سبب ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ ‘‘ شرد پوار نےداؤد سے تعلق کےالزام پرسخت اندازاپناتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی مسلمان ہے تو اسے داؤد کا آدمی کہاجاتا ہے۔ آخر کیوں ؟ شرد پوار نے اعلان کیا کہ اس دھاندلی کے خلاف این سی پی خاموش نہیں بیٹھے گی۔ وہ اپنے لیڈر کو باعزت رہا کروائے گی اور مرکزی حکومت کے خلاف بھی محاذ قائم کرے گی۔ دوسری طرف عدالت میں موجود نواب ملک نے اپنی بیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’’میںنے کبھی تمہاری حوصلہ شکنی نہیں کی ہے اس لئے تم بھی حوصلہ مت ہارنا ۔مجھ پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔میں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ہے۔‘‘ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ نواب ملک کا انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم اور اس کے قریبی ساتھیوں سے تعلق ہے ۔ یہی نہیں ای ڈی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ این سی پی لیڈر نواب ملک نے داؤد کے دست راست ابراہیم سردار شاہ ولی خان اور داؤدکی بہن حسینہ پارکر کے باڈی گارڈ سے بھی تعلق ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اس سلسلہ میں مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران نواب ملک پر الزام لگاتے ہوئے داؤد کےمذکورہ بالا دونوں دست راست سے کروڑوں کی زمین محض ۳۰؍ لاکھ میں خریدنے کا الزام لگایا تھا ۔ حال ہی میں ای ڈی نے داؤد اور اس کے ساتھیوں کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت درج کردہ کیس کی تفتیش میں پیش رفت کرتے ہوئے ممبئی اور تھانے سمیت کل ۱۰؍ مقامات پر چھاپہ مارا تھا ۔ ساتھ ہی زمینوں کے اور حوالہ کے غیر قانونی لین دینے میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر کی تحویل بھی حاصل کی تھی ۔ذرائع کے بقول کاسکر سے کی گئی پوچھ تاچھ کے بعد ہی ایجنسی نے نواب ملک کے گھر سرچ آپریشن کیا اور کئی گھنٹے کی پوچھ تاچھ کے بعد انہیں گرفتار کیا ہے ۔