اترپردیش میں تیسرے مرحلےکے تحت 16اضلاع کی 59سیٹوں پر جاری ووٹنگ میں دوپہر تین بجے تک48.81فیصدی رائے دہندگان نے اپنی حق رائے دیہی کا استعمال کیا ہےالیکشن کمیشن سے موصول اعدادوشمار کے مطابق دوپہر ایک بجے تک سب سے زیادہ ضلع للت پورمیں 59.13فیصدی ووٹنگ ہوئی ہے جبکہ کانپور (شہر ) میں سب سے کم41.15فیصدی ووٹر وں نے ہی اپنی حق رائے دیہی کا استعمال کیا ہے۔جبکہ دیگر اضلاع میں ہاتھرس میں50.15فیصدی،فیروزآباد میں 51.23فیصدی، کاس گنج میں 50.75فیصدی،ایٹہ میں 53.23،منی پور میں 52.44فیصدی،فرخ آباد میں46.19فیصدی،قنوج میں 50.23فیصدی،اٹاوہ میں 50.42فیصدی،اوریا میں 48.30فیصدی،کانپور دیہات میں 47.13فیصدی،جالون میں 46.87فیصدی، جھانسی میں 48.52فیصدی،ہمیر پور میں 50.74فیصدی،مہوبہ میں51.72فیصدی رائے دہندگان نے اپنی حق رائے دیہی کا استعمال کیا ہے۔
وہیں ووٹنگ کے دوران کانپور کے میئر اور بی جے پی لیڈر پرملا پانڈے پر ووٹنگ کی رازداری افشاں کرنے کے الزام میں مقامی انتظامیہ نے انتخابی ضوابط کے تحت ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔موصول اطلاع کے مطابق پانڈے کانپور کے ہڈسن اسکول واقع پولنگ بوتھ پر ووٹنگ کرنے پہنچی تھیں۔ اس دوان ای وی ایم کا بٹن دباتے ہوئے میئر کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ تصویر میں وہ جس نشان پر ووٹ کررہی ہیں وہ صاف عیاں ہے۔اس پر کانپور ضلع الیکشن افسر نہا شرما نے کہا کہ پانڈے کے ذریعہ پولنگ سنٹر پر ووٹنگ کی رازداری کو افشاں کرنے کی اطلاع ملی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تیسرے مرحلے کی پولنگ پرامن طریقے سے جاری ہے کہیں سے بھی کسی قسم کے ناخشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔اک دو مقام پر ای وی ایم میں خرابی کی شکایت موصول ہوئیں جنہیں وقت کے اندر ہی تبدیل کردیا گیا۔ پرامن و غیرجانبدارانہ انتخابات کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ وہیں کووڈ پروٹوکول کے تحت ووٹروں کو صرف ماسک پہن کر پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز پر سینیٹائزر اور تھرمل اسکیننگ سمیت دیگر انتظامات بھی کیے ہیں۔
اس مرحلے میں 2.16 کروڑ ووٹر 627 امیدواروں کی قسمت پر مہر ثبت کررہے ہیں ۔اس مرحلے میں نہ صرف یوگی حکومت کے وزراء بلکہ مرکزی وزیر کی ساکھ بھی داؤ پر لگ گئی ہے۔ ان میں مرکزی وزیر ایس پی سنگھ بگھیل مین پوری کی کرہل سیٹ پر ایس پی صدر اکھلیش یادو کو چیلنج دے رہے ہیں، جو تیسرے مرحلے کی پولنگ میں سب سے اہم سیٹوں میں سے ایک ہے۔ یوگی حکومت میں ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے وزیر رام نریش اگنی ہوتری اسی ضلع کی بھوگاؤں سیٹ پر قسمت آزما رہے ہیں اور ستیش مہانا کانپور ضلع کی مہاراج گنج سیٹ پر قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔