اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو بدھ کو خراب موسم کی وجہ سے ضلع رامپور میں اپنے پارٹیوں کی انتخابی مہم میں شرکت نہیں کرسکے۔یوگی کو ضلع رامپور کی بلاسپور اور ملک(محفوظ) اسمبلی سیٹ پر بی جے پی کے امیدواروں کی حمایت میں عوامی ریلیوں سے خطاب کرنا تھا۔ بلاسپور سیٹ سے بی جے پی امیدوار اور وزیر مملکت برائے جل شکتی بلدیو سنگھ اوکھل نے بتایا کہ پورے علاقے میں بدھ کی صبح ہی سے بارش ہورہی تھی جس کی وجہ سے یوگی کا پروگرام منسوخ کردیا گیا ہے۔ اس کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ نے ورچوئل ذرائع سے عوامی ریلی سے خطاب کیا۔ ورچوئل ریلی میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ میں سماجوادی پارٹی پر شدید تنقید کی ۔ اعظم خان کےحوالے سے اکھلیش یادو کو نشانہ بنایا ۔ دوسری جانب بدھ کو اکھلیش یادو کو بھی رامپور آنا تھا ۔ انہیں ایس پی کے امیدوار اعظم خان اور ضلع کی دیگر سیٹوں پر پارٹی امیدواروں کی حمایت میں انتخابی مہم چلانی تھی ۔ اپنے وجے رتھ سے نکلنا تھا ۔ عوام سےرابطہ کرنا تھا اور اس دوران ان سے تبادلۂ خیال بھی کرنا تھا۔ اس سلسلے میں اعظم خان کے میڈیاانچارج فصاحت علی شانو نے بتایا کہ بدھ کو تیز بارش کی وجہ سے یادو لکھنؤ سے رامپور کے لئے روانہ نہیں ہوسکے۔ ان کے وجے رتھ کو رامپور ضلع کے ۹؍ سب سے زیادہ بھیڑ بھاڑ والے چوراہوں سے گزرتے ہوئے عوامی ریلیوں سے جگہ جگہ خطاب کرنا تھا ۔
آج رامپور میں نواب کاظم علی خان اور دیگر کی حمایت میں پرینکا کی ریلی
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا رامپور میںآج ( جمعرات کو )اپنے پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم میں شرکت کریں گی اور اسمبلی حلقے بلاسپور میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گی۔ پرینکا اس سے پہلے بھی بلا پور آچکی ہیں۔ وہ کسان تحریک میں ہلاک ہونے والے کسان نوریت سنگھ کے گھر گئی تھیں اور ایک تعزیتی جلسے سے خطاب کیا تھا۔ اب وہ دوبارہ اسی اسمبلی سیٹ میں اپنے امیدواروں کا پرچار کرنے پہنچ رہی ہیں۔کانگریس کے ذمہ داروں اور کارکنوں نے ان کی ریلی کےسے متعلق پختہ انتظامات کئے ہیں۔ بلاسپور اسمبلی امیدوار سنجے کپور نے بتایا کہ پرینکا گاندھی یہاں انتخابی مہم میں شرکت کریں گی اور ایک عوامی ریلی سے خطاب بھی کریں گی۔ پرینکا رامپور شہر سے کانگریس امیدوار نواب کاظم علی خان کی حمایت میںگھر گھر جانے کی انتخابی مہم میں شرکت کریں گی۔