ممبئی میں پیر کو بھی سرد ہوائیں چلتی رہیں اور شہریوں نے جنوری میں غیر معمولی ٹھنڈ کا لطف لیا۔ دن کے وقت کا درجہ ٔ حرارت معمول سے ۶؍ ڈگری کم یعنی ۲۴ء۸؍ ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ ممبئی کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے ۵؍ دنوں تک ممبئی ، تھانے اور ریاست کے متعدد اضلاع میں موسم اسی طرح سرد رہے گا اور دن کے وقت بھی درجہ ٔ حرارت معمول سے ۳؍ تا ۵؍ڈگری کم ہی رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے پیر کا دن ممبئی کیلئے بہت سرد اور خشک دن قرار دیا ہے ۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق پیر کو کم از کم درجہ حرارت ۱۵؍ ڈگری سیلسیئس درج کیاگیا جو معمول سے ۲؍ڈگری کم ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی ۲۴؍ ڈگری رہا جو عام طور پر ۲۹؍ تا ۳۱؍ ڈگری کے درمیان رہتا ہے ۔
ممبئی کے محکمہ موسمیات کے انچارج کے ایس ہوسلیکر نے نمائندہ انقلاب سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی کہ پیر(۲۴؍ جنوری) ممبئی کا بہت ہی سرداور خشک دن تھا۔ سانتاکروز میں زیادہ سے زیادہ درجہ ٔ حرارت ۲۴ء۸؍ ڈگری سیلسیس(معمول سے ۶؍ ڈگری کم ) اور نمی ۳۵؍فیصد تھی جبکہ قلابہ میں زیاد ہ سے زیادہ درجہ ٔ حرارت ۲۴ء۶؍ ڈگری سیلسیئس اور ہوا میں رطوبت ۳۳؍ فیصد درج کی گئی ہے۔افسر نے پیش گوئی کی ہےکہ ۲۵؍ اور ۲۶؍ جنوری کو شمالی مرکزی مہاراشٹر کےمتعدد مقامات پر سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔
اُدھر قومی سطح پر شمالی اور وسطی ہندوستان بھی شدید ٹھنڈ سے ٹھٹھر رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی اور وسطی ہندوستان میں آئندہ ۵؍ دنوں میں معمول کے درجہ ٔ حرارت میں ۳؍ سے ۵؍ ڈگری کی کمی آسکتی ہے۔
اس کی وجہ سے دہلی میں ٹھنڈ بڑھے گی جبکہ راجستھان، پنجاب، ہریانہ،ا تر پردیش اور گجرات میں سرد لہر میں اضافہ ہوگا۔ شمالی ہندوستان میں پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں انتہائی ٹھنڈ ہواؤں نے لوگوں کو گھروں تک محدود کرکے رکھ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کےمطابق اس خطے میں منگل اور بدھ کو مزید ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات کے اندازہ کے مطابق اتراکھنڈ، ہماچل پردیش اور کشمیر میں برف باری کا سلسلہ بھی آئندہ ۴؍ دنوں تک جاری رہ سکتاہے۔