زرعی قوانین مخالف تحریک کے دوران لکھیم پور کھیری میں کسانوں کو گاڑیوں سے کچل دینے کے کیس میں یوپی پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم نے پیر کو ۵؍ ہزار صفحات پر مشتمل پہلی چارج شیٹ داخل کر دی۔ یہ چارج شیٹ مرکزی وزیرمملکت برائے داخلہ اجے مشرا ’ٹینی ‘ کے بیٹے آشیش مشرا عرف مونو سمیت ۱۴؍ ملزمین کے خلاف داخل کی گئی ہے جو بی جےپی کیلئے گلے کی ہڈی بن سکتی ہے۔ چارج شیٹ میں خصوصی تفتیشی ٹیم نے مرکزی وزیر کے بیٹے آشیش مشرا کو نہ صرف کلیدی ملزم بنایا ہے بلکہ اس کے اس دعوے کی بھی تردید کی ہے کہ حادثہ کے وقت وہ جائے واقعہ پر موجود نہیںتھا۔
چارج شیٹ مرکزی وزیر کیلئے بھی مصیبت کا پیش خیمہ
مودی حکومت نے کسانوں کے مطالبے کے باوجود اب تک مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی کو برطرف نہیںکیا ہے مگر پیر کو داخل ہونے والی چارج شیٹ اُن کے اوران کی پارٹی کیلئے نئی مصیبتوں کا پیش خیمہ ہوسکتی ہے۔ چارج شیٹ میں کہاگیا ہے کہ۳؍ اکتوبر کو جب تیز رفتار گاڑیوں نے کسانوں کو بے دردی سے کچلا تب آشیش مشرا بھی وہاں موجود تھا۔ چارج شیٹ میں تفتیش کاروں کے اس سخت موقف کے بعد آشیش مشر ا کیلئے مقدمہ سے بچ نکلنا تقریباً ناممکن ہوگیا ہے ۔ واضح رہے کہ آشیش مشرا اپنی صفائی میں یہی دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ حادثے کے وقت وہ جائے حادثہ پر نہیں تھے۔
۱۴؍ ملزمین کے خلاف چارج شیٹ، ۱۳؍ جیل میں ہیں
یاد رہے کہ لکھیم پور کھیری کے تکونیا علاقے میں تیز رفتار گاڑیوں نے انتہائی بے دردی سے کسانوں کو کچل دیاتھا جس میں ۴؍ کسان اور ایک صحافی ہلاک ہو گیاتھا۔ اس کے بعد بھیڑ نے گاڑی چلانے والوں اور ان میں سوار افراد کی پٹائی کی۔ الزام ہے کہ اس پٹائی کے نتیجے میں مزید ۳؍ افراد ہلاک ہوئے جن میں بی جےپی کے ۲؍ کارکن بھی شامل تھے۔ الزام ہے کہ مرکزی وزیر کے بیٹے آشیش مشرا عرف مونو کے اشاروں پر کسانوں پر گاڑیاں چڑھائی گئی تھیں۔
یہ چارج شیٹ الیکشن میں بی جےپی کیلئے مشکل کھڑی کرسکتی ہے
الیکشن کمیشن یوپی سمیت ۵؍ ریاستوں میں کسی بھی وقت انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرکے ضابطہ اخلاق نافذ کر سکتا ہے۔ ایسے میں چارج شیٹ اپوزیشن کیلئے اہم انتخابی موضوع بن سکتی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے اجے مشرا ’ٹینی‘ کی برطرفی اوران کی گرفتاری کے مطالبے میں بھی شدت آسکتی ہے۔ اجے مشرا ٹینی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر ان کے خلاف ثبوت مل گیاتو وہ خود استعفیٰ دیدیں گے۔ ایس آئی ٹی کا دعویٰ ہے کہ اس نے ثبوتوں کی بنیاد پر آشیش مشرا کو قتل اور اقدام قتل کا ملزم بنایاہے۔