چندی گڑھ: وزیر اعظم نریندر مودی 5 جنوری کو پنجاب آئیں گے اور فیروز پور میں 100 بستروں پر مشتمل پی جی آئی سیٹلائٹ سینٹرسمیت ریاست میں 42750 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے مرکزی زرعی قوانین منسوخ کرنے کے بعد مسٹر مودی کا پنجاب کا یہ پہلا دورہ ہوگا مسٹر مودی فیروز پور میں 490 کروڑ روپے کی لاگت کے 25 ایکڑ رقبے میں مجوزہ 100 بستروں والے پی جی آئی سیٹلائٹ سینٹر اور تقریباََ 410 کروڑ روپے روپے مکیریاں-تلواڑہ 27 کلومیٹر لمبی نئی براڈ گیج ریلوے لائن کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس ریل لائن سے ننگل ڈیم- دولت پور چوک ریلوے سیکشن کو توسیع دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ تقریباً 39500 کروڑ روپے کی لاگت سے 669 کلومیٹر طویل دہلی-امرتسر-کٹرا ایکسپریس وے 1700 کروڑ روپے لاگت سے 77 کلومیٹر لمبی امرتسر-اونا شاہراہ کی فور لیننگ اور کپورتھلا اور ہوشیار پور میں 325 کروڑ روپے کی لاگت سے 100 بستروں پر مشتمل نئے میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
ملک بھرمیں سڑک رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے مرکزی حکومت کی کوششوں کے تحت پنجاب میں بھی مختلف قومی شاہراہوں کی ترقی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ریاست میں سنہ 2014 میں قومی شاہراہوں کی لمبائی جہاں 1700 کلومیٹر تھی۔ جو کہ سنہ 2021 میں بڑھ کر 4100 کلومیٹر ہو گئی ۔ انہی کوششوں کو مزید جاری رکھتے ہوئے وزیر اعظم ریاست میں دو اہم سڑکوں کی راہداریوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ دہلی-امرتسر- کٹرا ایکسپریس وے کی تعمیر سے دہلی سے امرتسر اور امرتسر سے کٹرا کا سفر آدھے وقت میں طے کیا جائے گا۔