نئے سال کے آغازکے ساتھ ہی کئی بڑی تبدیلیاں ہونے جارہی ہیں۔ ان تبدیلیوں کا راست اثر آپ کی جیب پر بھی پڑے گا۔ اگلے مہینے جو اصول و ضوابط تبدیل ہو رہے ہیں اُن میں بینکنگ، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ، ایل پی جی سلنڈرکی قیمتوں سے جڑے کچھ اہم اصول ہیں۔
ڈیبٹ کارڈ کےضوابط میں تبدیلی
اگر آپ بھی کریڈیٹ یا ڈیبٹ کارڈ کا استعمال کرتےہیں تو جان لیں کہ نئے سال سے آن لائن کارڈ پےمنٹ کےضوابط تبدیل ہورہے ہیں۔ڈیبٹ اور کریڈیٹ کارڈکے تحفظ کے پیش نظر تبدیلی کی جارہی ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی)اس ضابطہ کو یکم جنوری ۲۰۲۲ء سے نافذکرنے جارہی ہے۔ آر بی آئی نےآن لائن ادائیگی کو مزیدمحفوظ بنانے کے لئے سبھی ویب سائٹ اور پےمنٹ گیٹ وے کی جانب سےاسٹور کیے گئے گاہکوں کے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کی تفصیل کو ہٹانے اور اس کی جگہ پر لین دین کرنےکے لئے اینکرپٹیڈ ٹوکن کا استعمال کرنے کے لئے کہا ہے۔
اے ٹی ایم سے پیسے نکالنا مہنگا
یکم جنوری۲۰۲۲ءسےاے ٹی ایم سے پیسہ نکالنا اور بھی مہنگاہوجائے گا۔آر بی آئی کےنئےضابطہ کے تحت اب گاہکوں کو مقررہ حد کے بعد اے ٹی ایم ٹرانزیکشن کیلئےجیبیں ڈھیلی کرنی ہونگی۔ یکم جنوری سے ملک کے سبھی بینکوں نے اے ٹی ایم چارج۵؍ فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یعنی اب لمٹ پوری ہونےکےبعد اے ٹی ایم سے کیش نکالنے پر ہر مرتبہ ۲۱؍روپے ادا کرنے ہوں گے۔اس کے ساتھ ہی گاہک کو جی ایس ٹی الگ سے دینا پڑے گا۔ واضح رہے کہ فی الحال یہ رقم ۲۰؍روپے ہے جسے اگلے مہینے سےبڑھا کر۲۱؍ روپے کردیا گیا ہے۔
پوسٹ آفس کے اصولوں میں بھی تبدیلی
انڈیا پوسٹ پےمنٹس بینک(آئی پی پی بی) نے اعلان کیا ہے کہ اُس نےیکم جنوری ۲۰۲۲ءسےبرانچ میں کیش نکالنے اور جمع کرنے پر ٹیکس متعین کیا ہے۔ نئےرول کے مطابق،یکم جنوری۲۰۲۲ءکےبعد اگر کوئی آئی پی پی بی کا اکاؤنٹ ہولڈر مقررہ فری لمٹ ختم ہونے کے بعد پیسہ جمع کرتا یا نکالتا ہے تو اُسے زیادہ چارج ادا کرنا پڑےگا۔واضح رہےکہ انڈیا پوسٹ پےمنٹس بینک انڈین ڈاک کا ایک ڈویژن ہے، جس کی ملکیت ڈاک محکمہ کے پاس ہے۔
گوگل کے کئی ایپس کی اصول بھی بدلیں گے
گوگل اگلے مہینےسےکئی اصولوںمیں تبدیلی کر رہاہے جس کا سیدھا اثر آپ پر پڑے گا۔ یہ نیا رول گوگل کی سبھی سروس جیسے گوگل ایڈ،یو ٹیوب، گوگل پلے اسٹوراور دیگر ادائیگی سروس پر لاگو ہوگا۔ اگر آپ اگلے مہینے سےامیریکن ایکسپریس، روپے یا پھر ڈائنرس کارڈ کا استعمال کرتے ہیں، تو گوگل کی طرف سے آپ کے کارڈکی ڈیٹیل کو محفوط(سیو)نہیںکیا جائے گا۔ ایسے میںیکم جنوری۲۰۲۲ءسےآپ کو ہر مینول پیمنٹ کرنےپر کارڈ ڈیٹل درج کرنی ہوگی۔
ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں بھی تبدیلی کا امکان
ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو تیل کمپنیاں گیس سلنڈر کی قیمت طے کرتی ہیں۔ ایسے میں دیکھنا ہوگا کہ کیا اس بار ایل پی جی گیس سلینڈر کی قیمتوں میں کوئی اضافہ ہوتا ہے یا نہیں۔