افریقی ممالک میں کورونا کے نئے وائرس ’او مائیکرون‘ سے مہاراشٹر کو کس طرح محفوظ رکھا جائے،اس پرغور و خوض کرنے اور حکمت عملی تیار کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اتوار کو اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی جس میں سبھی زونل کمشنر، ضلع کلکٹر اور میونسپل کمشنرشریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو واضح ہدایت دی ہے کہ کورونا کے نئے وائرس سے عوام کو بچانے کیلئے جو جو بھی ضروری ہے وہ سب کرو ، مرکز سے رہنما خطوط کے آنے کا انتظار مت کرو بلکہ فوراً کام پر لگ جاؤ۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے بھی کہا ہے کہ اگر شہری چاہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن نافذ نہ ہوتو انہیں کورونا سے بچاؤ سے متعلق احکامات کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی۔ ہر شہری کو کورونا سے بچاؤ کے ۲؍ڈوز لگانے ہوں گے ، ماسک پہننا اور بھیڑ بھاڑ سے بچنا ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے بیرونِ ممالک سے آنے والے مسافروں کی ہوائی اڈے پر ہی سختی سے جانچ اور معائنہ کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نےمتنبہ کیا ہے کہ شہریوں کا ’’کچھ نہیں ہوتا یار !‘‘ والا رویہ قطعی برداشت نہیں کیا جائےگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے کورونا کی ۲؍ لہروں کا بخوبی مقابلہ کیا ہے اور اب اس نئے ویئرینٹ کا مقابلہ کرنے کا چیلنج ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ’’ یہ رویہ کہ ’ کچھ نہیں ہوتا یار‘ خطرناک ہے اور اس غیر ذمہ دارانہ رویہ سے وائر س پھیل سکتا ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ ماسک نہ پہننے اور تحفظ کے اصول توڑ کر غیر ضروری بھیڑ بھاڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔اس آن لائن میٹنگ میں تمام ڈویژنل کمشنر، کلکٹر، پولیس کمشنر، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، چیف ایگزیکٹیو آفیسرز ،صحت عامہ کے وزیر راجیش ٹوپے، طبی تعلیم کے وزیر امیت دیشمکھ، ریاستی ٹاسک فورس کے اراکین ڈاکٹر سنجے اوک، ڈاکٹر ششانک جوشی، ڈاکٹر راہل پنڈت، ڈاکٹر اجیت دیسائی، ڈاکٹر خسرو بجن، ڈاکٹر کیدار توراسکر، ڈاکٹر ظہیر ایورانی، ڈاکٹر وسنت ناگویکر، ڈاکٹر نتن کارنک، چیف سکریٹری سیتارام کنٹے، پرنسپل سکریٹری صحت ڈاکٹر پردیپ ویاس، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری آشیش کمار سنگھ اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری وکاس کھرگے موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نےکہا کہ گزشتہ ۲؍ لہروں کا حوالہ دیتے ہوئے انتظامیہ کو آکسیجن کی قلت نہ ہونے دینے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھانے کی ہدایت دی اور ماسک کو ہر شہری کیلئے سختی سے لازمی کردینے کا حکم دیا۔ انہوں نے بیرون ملک سے آنےو الوں کی جانچ میں سختی کے ساتھ ہی مشتبہ افراد کے کوروناکی جانچ کی تعداد بڑھانے نیز ٹیکہ کاری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔