لاہور کے علا قہ آ شیا نہ روڈ میں زلزلے کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں، جہلم کے علاقے دینہ میں گھر کی دیوار گرنے سے 45سالہ خاتون جاں بحق ہوئی، اسلام آباد ،آزاد کشمیر اور جہلم کے اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کرد ی گئی، میرپور ، بھمبر کا زمینی رابطہ منقطع ، نہرٹوٹنے سے پانی چک نکا گائوں میں داخل ہوگیا۔
بجلی کے کھمبے گرگئے، مکانات اور مساجد کو بھی نقصانات پہنچا، جاتلاں میں نہر کا بند ٹوٹنے سے قریبی دیہات بھی زیر آب آگئے‘میرپور ، جاتلاں اورگردونواح کے علاقوں میں متعدد عمارتوں اور گھروں کو شدیدنقصان پہنچا جبکہ منگلاتاجاتلاں کی مرکزی سڑک دھنس گئی ہے۔
سڑکوں پر بڑی بڑی دراڑیں اور گہرے شگاف پڑ گئے ہیں اورمتعدد گاڑیاں ان میں الٹ گئی ہیں ، زلزلے کے باعث آمدورفت معطل ہوگئی، زخمیوں کو اسپتالوں تک پہنچانے میں دشواری کا سامنارہا، بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
اسلام آبادسمیت پنجاب اور خیبرپختونخواکے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے شدیدجھٹکے محسوس کئے گئے، لوگ کلمہ طیبہ اور درود شریف کا ورد کرتے ہوئے گھروں ، عمارتوں اور دفاترسے باہر نکل آئے اور کئی گھنٹے کھلے آسمان تلے گزارے، صدر، وزیراعظم سمیت سیاسی ومذہبی رہنماؤں زلزلے سے جانی ومالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
زلزلہ منگل کی سہ پہر 4بجکر 2منٹ پر آیا، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلو میٹر شمال کی طرف تھا اور اس کی گہرائی زیر زمین 9 کلو میٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکے 15 سے 20 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے، زلزلے کے جھٹکوں کے باعث اپر جہلم نہر میں شگاف پڑنے کی وجہ سے پانی قریبی دیہات میں داخل ہوگیا، محکمہ آبپاشی پنجاب نے احتیاطی اقدامات کے تحت نہر اپر جہلم بند کردی ہے، منگلا ڈیم کا ٹربائن بندہونے سے 900میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی، آئی ایس پی آرکے مطابقزلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا ابتدائی سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔
سول انتظامیہ کے ریکارڈ کے مطابق زلزلہ سے ایک فوجی جوان سمیت 22 افراد جاں بحق اور160 زخمی ہوئے۔بیان کے مطابق جاتلاں کے قریب تین پلوں کو نقصان پہنچا، جاتلاں منگلا روڈ کئی مقامات پر متاثر ہونے کے باعث ناقابل استعمال ہو گیا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پاک فوج کو ہدایات دی ہیں کہ آزاد کشمیر میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ ریسکیو آپریشن میں بھرپور تعاون کریں۔آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں، ریسکیو آپریشن شروع‘200 خیمے، 800 کمبل، غذائی اشیاءاور ادویات متاثرہ علاقوں میں بھیجنا شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی کی اطلاعات آزاد کشمیر کے علاقے میرپور سے ملی ہیں جہاں متعدد عمارتوں اور گھروں کوشدید نقصان پہنچا ہے ‘اے ایف پی کے مطابق میرپورکے گاؤں سہان کیکی میں 400 گھروں کو نقصان پہنچا ہے ‘نیوزایجنسیوں کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔
زلزلے کے باعث سڑکوں پر چار فٹ گہرے شگاف پڑ گئے ‘زلزلے کے جھٹکوں کے باعث مختلف شہروں میں لوگ کلمہ طیبہ اور درود شریف کا ورد کرتے ہوئے گھروں ،عمارتوں اور دفاترسے باہر نکل آئے اور کئی گھنٹے کھلے آسمان تلے گزارے ، آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوںمیں خوف وہراس پھیل گیا ۔
اطلاعات کے مطابق اسلام آباد ، جڑواں شہر راولپنڈی کے علاوہ پنجاب کے علاقوں خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، ملتان، اوکاڑہ، قصور، خانیوال، گجرات، کامونکی، مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، ساہیوال، پتوکی، چونیاں، پاکپتن، دیپالپور، حجرہ شاہ مقیم، نارنگ منڈی اور سیالکوٹ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
آزاد کشمیر کے ضلع میر پور ، بھمبر اور سماہنی میں بھی زلزلوں کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں پشاور، چارسدہ، سوات، خیبر، ایبٹ آباد، باجوڑ، نوشہرہ، مانسہرہ،بٹ گرام، تورغر، شانگلہ، بونیر، دیر،اپر دیر، لوئر،چترال، مالاکنڈ اور کوہستان میں بھی زلزلے کی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ زلزلہ سے 10 افراد کے جاں بحق اور 100 کے قریب زخمی ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے، آزاد کشمیر کے میرپور شہر اور جاتلاں کے علاقے میں زیادہ نقصان جبکہ جہلم بھی جزوی طور پر متاثر ہوا‘ منگلا ڈیم متاثر نہیں ہوا‘ ٹربائن کا آپریشن پانی گدلا ہونے کے بعد تکنیکی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے اور فوج کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئیں، 200 خیمے، 800 کمبل، غذائی اشیاءاور ادویات متاثرہ علاقوں میں بھیجنا شروع کر دی ہیں، یہ اتنا بڑا بحران نہیں کہ عام لوگوں سے امداد کی اپیل کی جائے‘ زلزلے سے منگلا تا جاتلاں شاہراہ کے علاوہ تین بڑے پلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔
ڈپٹی کمشنر میر پور آزاد کشمیر نے بتایا کہ ایک مسجد کے مینار بھی شہید ہوگئے جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے‘ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف نے بتایا کہ جہلم کی تحصیل دینا میں چک رانجھا کے مقام پر گھروں کو نقصان پہنچا ہے جس سے ایک خاتون جاں بحق اور 22 افراد معمولی زخمی ہوئے۔
ادھر زلزلہ پیما مرکز کے ڈپٹی ڈائریکٹر نجیب احمد نے کہاکہ لوگوں کو احتیاط کرنی چاہیے کیونکہ زلزلے کے آفٹرشاکس بھی آسکتے ہیں۔
اوزیراطلاعات آزاد کشمیر مشتاق منہاس کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد آزاد کشمیر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے اپنا دورہ لاہور ملتوی کردیا ہے اور وہ خود امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرتے رہے۔
دریں اثناء لاہور میں شدید ترین زلزلہ کے جھٹکوں کے بعد فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔