نئی دہلی: راجدھانی میں موب لنچنگ کے واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ کچھ دنوں پہلے ہی ایک معذور حاملہ خاتون کو بچہ چور سمجھ کر بھیڑ نے اسے اپنے غصے کا شکار بنا دیا تھا اور اب ایک نوجوان لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔ اس مرتبہ واردات ڈی ٹی سی کی ایک بس میں ہوئی۔ اس واقعے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ معاملہ سامنے آیا۔ جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی اورمعاملےکی جانچ شروع کر دی۔ حالانکہ ابھی تک پولیس نے کسی بھی ملزم کی گرفتاری نہیں کی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتعل بھیڑ نے نوجوان کی کتنی بے رحمی سے پٹائی کی اور پھر بعد میں اس کی شرٹ اتروا دی۔ بھیڑ کو شک تھا کہ نوجوان نے بس میں موجود لوگوں کے ساتھ چوری کی واردات کو انجام دیا جس کے بعد مشتعل بھیڑ نے اس کی چلتی بس میں ہی جم کر پٹائی کردی۔ اس دوران نوجوان لوگوں سے گہار لگاتا رہا لیکن اس کی کسی نے نہ سنی۔ بعد میں بھیڑ نے اسے پینٹ اتارنے کیلئے کہا تو وہ لوگوں کے ہاتھ جوڑتا رہا لیکن لوگوں پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا اور اسے برہنہ کرکے چلتی بس سے باہر پھینک دیا۔
پولیس کےایک سینئر افسر کے مطابق ویڈیو کی جانچ جاری ہے اور جہاں پر واردات ہوئی ہے اس جگہ کی پہچان کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کے بعد اس روٹ پر چلنے والے بس ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں سے پوچھ۔گچھ کی جائے گی۔ افسر نے کہا کہ ملزموں کی پہچان کرکے ان پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ جمعرات کو پیش آیا تھا۔
قابل غور ہے کہ اس سے کچھ دن پہلے ہی دہلی کے منڈاولی میں ایک حاملہ خاتون کے ساتھ بچہ چوری ہونے کا الزام لگاتے ہوئے بھیڑ نے بے رحمی سے مارپیٹ کی تھی۔ خاتون حاملہ ہونے کے ساتھ ساتھ بولنے و سننے سے معذور بھی ہے۔ اس دوران حاملہ خاتون سنگین طور پر زخمی ہوگئی تھی۔ بعد میں پولیس کو دہلی خواتین کمیشن نے نوٹس جاری کرکے پوچھا تھا کہ معاملے میں کیا کارروائی کی گئی اور کتنے ملزموں کی گرفتاری کی گئی ہے۔