گاندھی نگر: گجرات میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ بارش ہوئی ہے جس کے سبب آبی ذخائر طغیانی پر ہیں جبکہ بارش کی وجہ سے پیش آئے حادثات میں کم از کم 12 لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں ہی کل سالانہ اوسط بارش کی 11.40 فیصد بارش ہوئی ہے جو آج صبح چھ بجے تک 77.80 فیصد پر پہنچ گئی ہے جبکہ کل یہ 66.40 فیصد تھی۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ریاست کے سبھی 33 اضلاع کے 251 تعلقہ میں بارش ہوئی ہے جس میں سے سب سے زیادہ 380 ملی میٹر بارش ضلع بوتاڈ کے بروالا میں ریکارڈ کی گئی۔ آج صبح چھ بجے تک 32 اضلاع کے 177 تعلقہ میں بارش ہوئی اور سب زیادہ 162 ملی میٹر جام نگر کے کالا واڑ میں درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بھی ریاست میں تیز سے بہت تیز بارش کا انتباہ دیا ہے۔